پیکا ایکٹ کیخلاف صحافیوں کا احتجاجی کیمپ ،گورنر ہاﺅس تک ریلی

لاہور: ( سٹاف رپورٹر ) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی کال پر ملک گیر بھوک ہڑتالی کیمپ کے تیسرے روز لاہور میں پریس کلب کے باہر احتجاجی کیمپ لگایا گیا اور پریس کلب سے گورنر ہاﺅس کے گیٹ کے باہر تک ریلی نکالی گئی، اس موقع پر صحافیوں نے پیکا ایکٹ کے خلاف بھرپور نعرے بازی کی۔

پنجاب یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام منعقدہ کیمپ و ریلی میں پی ایف یوجے کے سیکرٹری جنرل ارشد انصاری سینئر صحافی حسین نقی، انسانی کمیشن پاکستان کے وائس چیئرمین راجہ اشرف ،پی یو جے کے صدر نعیم حنیف ،جنرل سیکرٹری قمرالزمان بھٹی ، پنجاب اسمبلی پریس گیلری کے صدر خواجہ نصیر سمیت صحافیوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

کیمپ و ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ارشد انصاری نے کہا پیکا ایکٹ دراصل حکمرانوں کے جھوٹ کے تحفظ کا قانون ہے۔ حکومت اور اس کے اہلکار جو مرضی اور جب جھوٹ بولیں،کسی پر تہمت لگائیں انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں جبکہ صحافی ،شہری اور اپوزیشن سے اگر کوئی حکومت کے کردار پر انگلی اٹھائے ،سوال کرے ان کے خلاف پیکا کا ٹیکا مقدمے کی شکل میں تیار ہے،وزیر قانون اور وزیر اطلاعات اس معاملے پر مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں کہ،سینئر صحافی حسین نقی نے کہا صحافیوں نے ہر دور میں کالے قوانین کا مقابلہ کیا ہے، ہم نے کوڑے بھی کھائے اور جیلوں میں بھی گئے مگر یہ ظلم و ستم ہمارا راستہ روک نہیں سکا،پی یوجے کے صدر نعیم حنیف اور جنرل سیکرٹری قمرالزمان نے کہا قانون کےخلاف لاہور سے بڑا قافلہ لے کر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں،اب ہم جب پارلیمنٹ ہاﺅس کا گھیراﺅ کریں گے تو صحافی ایوان کے اندر ہوں گے اور حکمران ایوان سے باہر ہوں گے۔