خط کی باتیں سب چالیں، ملا بھی تو پڑھے بغیر وزیراعظم کو بھجوا دوں گا، آرمی چیف

اسلام آباد، راولپنڈی: (بیورو رپورٹ) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ خط کی باتیں سب چالیں ہیں، ملا بھی تو پڑھے بغیر وزیراعظم کو بھجوا دوں گا۔

صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے سپہ سالار نے کہا کہ ملک بہت اچھے انداز میں آگے بڑھ رہا، ترقی ہورہی، پاکستان کو آگے جانا ہے، خط کی باتیں صرف چالیں ہیں، مجھے کسی کا کوئی خط نہیں ملا، ملا بھی تو پڑھوں گا نہیں بلکہ وزیراعظم کو بھجوا دوں گا۔

ذرائع کے مطابق آرمی چیف کی گفتگو سے واضح ہوگیا حکومت اور فوج ایک پیج پر ہے، جنرل سید عاصم منیر نے گفتگو سے حکومت پر اعتماد کا اظہار کردیا۔

دریں اثنا آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور اہم حکومتی شخصیات جمعہ کو”گرین پاکستان انیشیٹو“ کے مختلف پراجیکٹس کا دورہ کریں گے،خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کے گرین پاکستان انیشیٹو( جی پی آئی) کے تحت آرمی چیف، وفاقی و صوبائی حکام دورے کے دوران جی پی آئی کے تحت جاری زرعی منصوبوں، مختلف سہولیات کا جائزہ لیں گے،دورے میں جی پی آئی کے ”سمارٹ ایگری فارم“، ”گرین ایگری مال“ اور ”تحقیقی سہولت مراکز“ کا افتتاح بھی شامل ہے۔

شرکا کو جی پی آئی کی زرعی ترقی پر اہم کامیابیوں سے آگاہ کیا جائیگا۔ جی پی آئی کی جانب سے کارپوریٹ فارمنگ میں استعمال ہونے والی زرعی مشینری، جدید ٹیکنالوجی کی نمائش ہوگی، زرعی شعبے کی ترقی و جدت سے آگاہی کیلئے حکومتی شخصیات کا ماڈل فارمز کے دورے کا بھی اہتمام ہے۔ پیرووال، مظفرگڑھ میں تیار کئے گئے ماڈل فارمز کسانوں کو جدید زرعی تکنیکوں سے روشناس کرائیں گے۔ آرمی چیف، وفاقی و صوبائی حکام کے دورے سے جی پی آئی کے زرعی ترقیاتی منصوبوں کو مزید فروغ ملے گا۔