راولپنڈی:(بیورورپورٹ)علی امین گنڈا پور،شہریار آفریدی کی ایماءپر جی ایچ کیو پر حملہ کیا،ملزموں کااعتراف ،سب انسپکٹر نے بیان ریکارڈ کرادیا۔
9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ کے روبرو اڈیالہ جیل میں ہوئی، بانی پی ٹی آئی عمران خان کو پیش کیا گیا،عمر ایوب، شبلی فراز، فواد چودھری، کنول شوزب سمیت درجنوں ملزم پیش ہوئے۔
دوران سماعت 2 گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے، اٹک جیل میں ملزموں کی شناخت کرنے والے مجسٹریٹ محمود عالم کا بیان بھی ریکارڈ کیا گیا، محمود عالم نے 350 صفحات پر مشتمل ملزموں کی شناخت پریڈ رپورٹ عدالت میں جمع کرادی۔
راولپنڈی پولیس کے سب انسپکٹر احمد یار نے بیان قلمبند کراتے ہوئے کہاگرفتار ملزموں نے شہریار آفریدی اور علی امین گنڈا پور کی ایما پر جی ایچ کیو پر حملے کا اعتراف کیا،گرفتار ملزموں نے بیان دیا دونوں پی ٹی آئی رہنماوں نے جی ایچ کیو جانے کا اشتعال دلایا اور اکسایا،9مئی کو علی امین گنڈاپور ،شہریار آفریدی فیض آباد کی جانب سے مظاہرین کو لیڈ کرتے ہوئے جی ایچ کیو کی جانب آئے، ملزموں نے اپنے زیر استعمال موبائل فون سے پارٹی رہنماوں کے اشتعال انگیز بیانات سنے۔
سماعت کے دوران ملزموں سے برآمد موبائل فون، پٹرول بم، ڈنڈے، جلے ہوئے ٹائر اور راکھ بھی بطور ثبوت عدالت پیش کی گئی، سب انسپکٹر احمد یار نے اپنی شہادت کے دوران 38 ریکوری میمو بھی پیش کیے،بعد ازاں عدالت نے سماعت 15 فروری تک ملتوی کردی، آئندہ سماعت پر مقدمہ کے مدعی سب انسپکٹر ریاض بطور گواہ عدالت پیش ہوں گے۔
گنڈا پور،شہریار آفریدی کی ایماءپر جی ایچ کیو پر حملہ کیا،ملزموں کااعتراف



















