لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر سپیشل افرادکیلئے معاون آلات کی فراہمی کے پراجیکٹ کا آغاز کر دیا گیا، سپیشل افراد کی زندگیوں میں آسانی لانے کیلئے وزیراعلیٰ کے منفرد پروگرام کے تحت سپیشل افراد کو آلات کی فراہمی کیلئے درخواستوں کی وصولی شروع ہو گئی،پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں نقل و حمل کی صلاحیت سے محروم سپیشل افراد کوویل چیئر مفت فراہم کی جائے گی، ویل چیئر کی فراہمی سے سپیشل افرادکی نقل و حرکت اور رسائی میں آسانی ہوگی، سماعت سے محروم افراد کوخصوصی آلہ سماعت فراہم کیاجائے گا ،آلہ سماعت فراہم کرنے سے سپیشل افراد کی قوت سماعت اور قوت گویائی میں اضافہ ممکن ہوگا ،معاون آلات کےلئے گھر بیٹھے آن لائن پورٹل adwc.punjab.gov.pk پر اپلائی کیا جاسکتاہے، معذور افرادکا شناختی کارڈ یا بے فارم اور ڈسٹرکٹ ڈس ابیلٹی اسسمنٹ بورڈ کا جاری کردہ معذوری سرٹیفکیٹ درکار ہوگا ، سپیشل افرادمتعلقہ اضلاع میں ضلعی دفاتر سوشل ویلفیئر سے بھی رہنمائی حاصل اورمزید رسائی کیلئے خصوصی ہیلپ لائن 1312 پر بھی کال کرسکتے ہیں،ادھر وزیراعلیٰ مریم نواز نے تجاوزات کے خاتمے کی مہم کی زد میں آنے والے بے روزگار افرادکی بحالی کا بڑا اور اہم فیصلہ کر لیا، وزیراعلیٰ نے تجاوزات کےخلاف مہم سے متاثرہ چھوٹے کاروبار کی بحالی کا حکم دیدیا، مریم نواز نے متعلقہ حکام کو چھوٹے کاروبار اور ریڑھی وغیرہ کی بحالی کےلئے اقدامات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی، وزیراعلیٰ نے کہا ٹریفک میں آسانی کےلئے تجاوزات کا خاتمہ ناگزیر ہے لیکن عام آدمی کو بے روزگار نہیں کریں گے،کسی غریب سے روزگار نہیں چھیننا چاہتے،بے روزگار ہونے والے افرادکےلئے متبادل انتظام ضروری ہے،ہر شہر میں انسداد تجاوزات مہم کے متاثرہ افراد کےلئے متبادل جگہ فراہم کی جائے گی، انسدادتجاوزات مہم سے متاثرہ افراد کے روزگار کےلئے انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔
سپیشل افرادکیلئے معاون آلات کی فراہمی پراجیکٹ کا آغاز، درخواستوں کی وصولی شروع
















