موت کی چکی میں قید، سیل کی بجلی تک بند کر دی گئی، عمران کا آرمی چیف کو دوسرا خط

راولپنڈی:(بیورورپورٹ)موت کی چکی میں قید، سیل کی بجلی تک بند کر دی گئی،بانی پی ٹی آئی عمران خان نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کو دوسرا کھلا خط لکھ دیا۔

خط میں کہا گیا ملک و قوم کی بہتری کیلئے نیک نیتی سے آرمی چیف کے نام کھلا خط لکھا ،6 نکات کی نشاندہی کی گئی،عوامی رائے لی جائے تو 90 فیصد حمایت کریں گے،پری پول دھاندلی ، الیکشن نتائج تبدیل کر کے حکومت قائم کی گئی، عدلیہ پر قبضے کےلئے پارلیمنٹ سے 26 ویں آئینی ترمیم کرائی گئی، ظلم و جبر کےخلاف اٹھنے والی آوازوں کو بند کرنے کےلئے پیکا کا اطلاق کیا گیا، سیاسی عدم استحکام اور “جس کی لاٹھی اس کی بھینس” کی ریت معاشی تباہی ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے کہاملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کو مسلسل نشانہ بنایا جارہا ہے، بنیادی انسانی حقوق پامال کرتے ہوئے مجھ پر دباو بڑھانے کےلئے جیل انتظامیہ نے ہر ظلم کیا، مجھے موت کی چکی میں رکھا گیا ، 20 دن تک مکمل لاک اپ میںرہا،سورج کی روشنی تک نہیں پہنچتی تھی، 5روز تک میرے سیل کی بجلی بند رکھی گئی ، مکمل اندھیرے میں رہا۔

خط میں عمران خان نے کہامیرا ورزش کرنے والا سامان ، ٹی وی تک لے لیا گیا، اخبار بھی پہنچنے نہیں دیا ، جب چاہتے ہیں کتابیں تک روک لیتے ہیں،بیٹوں سے پچھلے 6 ماہ میں صرف 3 مرتبہ بات کرائی گئی، بیٹوں سے بات کرنے کے معاملے پر عدالتی حکم پر عمل نہیں کیا جا رہا، پچھلے 6 ماہ میں گنتی کے چند افراد کو ہی ملنے دیا گیا، اسلام آباد ہائیکورٹ کے واضح احکامات کے باوجوداہلیہ سے ملاقات نہیں کرائی جاتی، اہلیہ کو بھی قید تنہائی میں رکھا گیا ۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا2000 سے زائد ورکرز، سپورٹرز اور لیڈرز کی ضمانت درخواستیں عدالتوں میں زیرالتوا ہیں، پیکا جیسے کالے قانون کے ذریعے سوشل میڈیا ،انٹرنیٹ پر بھی قدغن لگا دی گئی ،پاکستان کا جی ایس پی پلس سٹیٹس بھی خطرے میں ہے، عوامی مینڈیٹ کی توہین کر کے سیاسی عدم استحکام کی بنیاد رکھی گئی، فوجی جوان پاکستان کےلئے قربانیاں دے رہے ہیں۔