بانی پی ٹی آئی کے وکیل2گھنٹے حراست میں رہنے کے بعد رہا

راولپنڈی،اسلام آباد،سرگودھا (بیورورپورٹ) بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چودھری کو حراست میں رکھنے کے بعد رہا کردیا گیا،پولیس ذرائع کے مطابق فیصل چودھری کو 2 گھنٹے حراست میں رکھنے کے بعد رہا کر دیا گیا ۔

رہائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل چودھری نے کہا عدالت کے حکم پر بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کےلئے آئے تھے، ملاقات نہیں کرائی گئی، واپسی پر اڈیالہ جیل کے دروازے پر پولیس اہلکاروں نے چوکی بلایا۔

ادھر بانی پی ٹی آئی نے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں لیگل ٹیم میں تبدیلی کر دی،نئی لیگل ٹیم میں ایڈووکیٹ وحید انجم، عرفان نیازی، فیصل چودھری اور ایم عمران شامل ہیں،مزید برآں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی ودیگر پی ٹی آئی رہنماوں پر 9 مقدمات میں فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔

سرگودھا کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سانحہ 9 مئی مقدمات کی سماعت ہوئی، اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب خان، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچڑ، بلال اعجاز چٹھہ، صنم جاوید اور عالیہ حمزہ پیش نہ ہو سکے،ملزمان کے وکلاءنے عدم حاضری پر معافی کی درخواست دائر کی جو عدالت نے قبول کرلی۔

دریں اثنا سابق خاتون اول بشریٰ اورپی ٹی آئی کے مختلف رہنماوں کےخلاف 26 نومبر احتجاج سے متعلق درج مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں 17 فروری تک توسیع کر دی گئی۔

علاوہ ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ نے عدالتی حکم کے باوجود وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو عدالت طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 12 فروری تک ملتوی کردی۔