ساہیوال(بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا صبح سویرے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ، تجاوزات گرانے کے بعد ملبہ اٹھانے اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا، میونسپل حکام کو بازاروں کی مکمل صفائی کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر شعیب اقبال سید نے صبح سویرے ہائی سٹریٹ، چرچ روڈ اور کھوکھابازار کا دورہ کیا۔ انہوں نے تمام بازاروں میں تجاوزات گرانے کے بعد ملبہ اٹھانے اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن حکام کو ہدایت کی کہ تمام بازاروں میں صفائی یقینی بنائی جائے اور گرائی گئی تجاوزات کا ملبہ بھی اٹھایا جائے۔ بعدازاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے منظور کالونی سے بھی تجاوزات ختم کرنے کی ہدایت کردی تاکہ پسپ پروگرام کے تحت سیوریج لائن ڈالنے کے کام میں حائل رکاوٹیں دورہوسکیں۔ انہوں نے شہر میں موجود ریڑھیوں کی رجسٹریشن کرنے اور انہیں نمبر الاٹ کرنے کی ہدایت کردی تاکہ ان کا ریکارڈ رکھا جاسکے۔کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے کارپوریشن کی بلڈنگ برانچ کی کارکردگی پر ناراضگی کا اظہار کیا جہاں کنورژن فیس اور بلڈنگ فیس کی وصولی مسلسل کم ہورہی ہے۔ انہوں نے میونسپل آفیسر پلاننگ سے ناقص کارکردگی کی تحریری وضاحت بھی طلب کرلی۔ کمشنر نے ہائی سٹریٹ پر ٹف ٹائل لگانے کے کام کو بھی جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ دوسری طرف تعلیمی بورڈ ساہیوال نے میٹرک کے سالانہ امتحان2025کو صاف اور شفاف بنانے کیلئے انتظامات کو حتمی شکل دیدی ہے۔ امتحان کا آغاز 4مارچ2025سے ہوگا جس کیلئے ساہیوال ڈویژن کے تینوں اضلاع ساہیوال، اوکاڑہ اور پاکپتن میں 212امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ یہ بات کمشنر/چیئرمین ساہیوال بورڈ شعیب اقبال سید کی زیر صدارت میٹرک پہلا سالانہ امتحان2025کے جائزہ اجلاس میں بتائی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر/چیئرمین ساہیوال بورڈ شعیب اقبال سید نے کہا کہ امتحان میں شریک امیدواران کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ محنتی، دیانتدار اور اچھی شہرت کے حامل اساتذہ کی بطور امتحانی عملہ بروقت نامزدگی کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرپٹ عناصر کے خلاف سخت تادیبی کاروائی کی جائے۔ کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رانا نوید عظمت نے اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ میٹرک امتحانات 2025میں دہم کے تقریباً 72590 اورنہم کے 98456طلبہ و طالبات شرکت کریں گے۔ تمام امتحانی مراکز میں امتحانی عمل کو شفاف بنانے کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے جو مراکز کے اندر اور داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی کریں گے۔ اسی طرح میٹرک برانچ میں آن لائن شکایت سیل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے تاکہ طلبہ و طالبات، سپروائزری سٹاف، والدین، سربراہان ادارہ جات امتحانات سے متعلق شکایات inspectionbiseswl@gmail.comپر بذریعہ ای میل یا دستی جمع کروا سکتے ہیں۔ مزید سوالیہ پرچہ جات (انشائیہ/معروضی) کی سوشل میڈیا پر تشہیر و شیئرنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔
بازاروں میں صفائی یقینی، تجاوزات کا ملبہ فوری اٹھایا جائے: کمشنر ساہیوال
















