عدالتوں میں ججوں کی تعیناتی کو شفاف بناکر عدالتی نظام بہتر کیا جا سکتا ہے:گورنر پنجاب

لاہور (سٹاف رپورٹر) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ عدالتوں میں ججز کی تعیناتی کو پرشفاف بناتے ہوئے عدالتی نظام کو بہتر کیا جا سکتا ہے،انصاف میں تاخیر، انصاف نہ دینے کے مترادف ہے۔یہ بات انہوں نے گورنر ہاﺅس لاہور میں نو منتخب وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل طاہر نصر اللہ وڑائچ سے ملاقات کے دوران کہی۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ملک کی ترقی اور استحکام کے لئے عدل و انصاف کی فراہمی اور قانون کی بالادستی ضروری ہے۔اُنہوں نے کہا کہ اونچے عہدوں پر بیٹھے لوگوں کو ذاتی پسند ناپسند نہیں میرٹ پر فیصلے کرنے ہوں گے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ عدل و انصاف کے بغیرکوئی معاشرہ قائم نہیں رہ سکتا۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں وہی قومیں ترقی کی راہ پر گامزن ہیں جنہوں نے قانون کی حکمرانی اور عدل و انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا۔ گورنر پنجاب نے کہاکہ عدلیہ کے نظام کو سیاست میں نہ گھسیٹا جائے۔انہوں نے کہا کہ26ویں آئینی ترمیم کا سہرا پیپلز پارٹی کو جاتا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ انصاف میں تاخیر، انصاف نہ دینے کے مترادف ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بروقت اور صحیح انصاف نہ ملنے پر شہید ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل کیا گیا۔اُنہوں نے کہا کہ بعد میں غلطی تسلیم کرنا اور افسوس بے معنی ہے۔ گورنرپنجاب نے کہا کہ انصاف کے حصول کیلئے لوگوں کو کئی کئی سال انتظار کرنا پڑتا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے اور پارٹی قائدین نے جمہوری نظام کے تسلسل کو برقرار رکھنے کیلئے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اس بات کوئی شک نہیں کہ وکلا برادری نے جمہوریت کے فروغ اور استحکام کے لئے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ نوجوان وکلا بلاول بھٹو کے شانہ بشانہ ہراول دستہ کی طرح ساتھ کھڑے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو وزیر اعظم بن کر وکلا برادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔