لاہور (اپنے رپورٹر سے) پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ”برید پاکستان انٹرنیشنل کانفرنس“ سے خطاب کرتے ہوئے ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے حکومت پنجاب کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف پورے خطے میں ماحولیاتی بہتری کی قیادت کر رہی ہیں اور بھارت سمیت ہمسایہ ممالک کے ساتھ موسمیاتی مذاکرات کا آغاز کیا جا رہا ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں حکومت پنجاب نے انسدادِ سموگ کیلئے 10 ارب اور کلائمیٹ ریزیلئنس کیلئے 100 ارب روپے مختص کئے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت جدید اے کیو آئی مانیٹرز کی تنصیب، بایوگیس پلانٹس اور بایوریفائنری کے قیام، زرعی سیکٹر میں ای میکانائزیشن، اور گرین ٹرانسپورٹیشن جیسے اقدامات شامل ہیں۔ فضائی آلودگی کی نگرانی کیلئے پنجاب بھر میں 100 جدید اے کیو آئی مانیٹرز نصب کیے جا رہے ہیں، جو سیٹلائٹ سے منسلک ہو کر تازہ ترین فضائی معیار کا ڈیٹا فراہم کریں گے۔زراعت میں جدیدیت کو فروغ دیتے ہوئے کسانوں کو فصلوں کی باقیات جلانے سے روکنے کیلئے 60 فیصد سبسڈی پر سپرسیڈرز فراہم کیے گئے ہیں۔ انڈسٹریل اخراج کی نگرانی کیلئے پہلی بار ڈیٹا بیسڈ میپنگ کی گئی ہے اور 50 سے زائد صنعتی یونٹس کو ایمیشن کنٹرول سسٹم کی تنصیب کیلئے مالی معاونت فراہم کی گئی ہے۔ لاہور میں 27 الیکٹرک بسیں آپریشنل ہو چکی ہیں، جبکہ دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کی ریٹروفٹنگ پر کام جاری ہے۔ پلاسٹک آلودگی کے خاتمے کیلئے 75 مائیکرون سے کم حجم کے پلاسٹک بیگز کی فروخت اور استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، جبکہ حکومت پنجاب نے اس حوالے سے قانون سازی بھی کی ہے۔ماحولیاتی بہتری کیلئے عوامی شمولیت کو یقینی بنانے کیلئے پنجاب گرین ایپ اور ہیلپ لائن متعارف کروائی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ، حکومت بھارت سے آنے والی سموگ زدہ ہوا¶ں کے تدارک کیلئے ٹرانس با¶نڈری ڈائیلاگ کا آغازکررہی ہے۔ تاکہ خطے میں ماحولیاتی تحفظ کیلئے مشترکہ کوششیں کی جا سکیں۔ مریم اورنگزیب نے اس بات پر زور دیا کہ سموگ اور فضائی آلودگی خطے کیلئے ایک بڑا چیلنج ہے اور اسکے حل کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو اپنی ذمہ داریوں کا ادراک ہونا ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب انفراسٹرکچر بیسڈ ماحولیاتی بہتری کے منصوبے شروع کر چکی ہے اور دیگر صوبوں کے ساتھ بھی مشاورت جاری ہے۔ تمام اقدامات کا مقصد نہ صرف ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنا ہے بلکہ ایک سرسبز اور محفوظ پنجاب کا قیام بھی یقینی بنانا ہے۔
بھارت سمیت ہمسایہ ممالک کےساتھ موسمیاتی مذاکرات کا آغاز کرینگے: مریم اورنگزیب
















