لاہور (سٹاف رپورٹر) سیکرٹری اطلاعات و نشریات پنجاب طاہر رضا ہمدانی کی ڈائریکٹر جموں کشمیر سنٹر انعام الحق سے ملاقات کی جس میں یوم کشمیر کی تقریبات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔اس ملاقات کا مقصد یومِ کشمیر کے موقع پر منعقد ہونے والی تقریبات کو موثر اور بامقصد بنانا تھا۔ سیکرٹری اطلاعات طاہر رضا کا کہنا ہے کہ کشمیر کے مظلوم عوام سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ثقافتی اور تخلیقی سرگرمیوں کو فروغ دینا ضروری ہے۔ڈائریکٹر کشمیر سنٹر انعام الحق نے اس موقع پر تقریبات کے مجوزہ منصوبے اور ان کے انعقاد کے حوالے سے تفصیلات پیش کیں۔ سیکرٹری اطلاعات نے یومِ کشمیر کے حوالے سے بھرپور میڈیا کوریج، سیمینارز، مشاعرے اور دیگر تقریبات کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیا۔مزید برآں لاہور آرٹس کونسل کے تعاون سے خصوصی دستاویزی فلموں، تصویری نمائشوں اور تھیٹر پرفارمنسز کے انعقاد پر بھی غور کیا گیا، تاکہ مسئلہ کشمیر کو عوامی سطح پر اجاگر کیا جا سکے۔ سیکرٹری اطلاعات سیدطاہر رضا ہمدانی نے کہا کہ یومِ کشمیر ہر سال 5 فروری کو منایا جاتا ہے تاکہ کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا جا سکے، جو اپنی آزادی اور بنیادی حقوق کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ یہ دن دنیا کو مسئلہ کشمیر کی اہمیت اور کشمیری عوام کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ اس دن کے منانے کا مقصد عالمی برادری کو بھارت کے زیر تسلط کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کرنا ہے۔ یومِ کشمیر ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے۔سیکرٹری اطلاعات پنجاب نے حکومت پنجاب کی جانب سے اس قومی مقصد کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور ہدایت دی کہ یومِ کشمیر کی تقریبات کو تاریخی اور یادگار بنایا جائے۔
مظلوم کشمیری عوام آزادی اور بنیادی حقوق کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں: طاہر رضا ہمدانی
















