مریدکے (نمائندہ خصوصی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی طرف سے کم آمدنی والے والدین پر بیٹیوں کی شادی کے اخراجات کا بوجھ کم کرنے کیلئے اجتماعی شادیوں کے پروگرام ”دھی رانی“ کا ضلع شیخوپورہ میں بھی انعقاد کردیا گیا جس میں تحصیل مریدکے سمیت47مستحق لڑکیوں کی شادی کی پر وقارتقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں وفاقی وزیر صنعت و پیدوار اینڈ فوڈ سکیورٹی رانا تنویر حسین، صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر، بیت المال سہیل شوکت بٹ، ایم پی اے رانا طاہر اقبال، اقلیتی ایم پی ا ے عمانوئیل اطہر، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او شیخوپورہ سمیت اہم سیاسی، سماجی اور سرکاری شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے جہاں نوجوانوں کیلئے اربوں روپے کے سکالرشپ سمیت دیگر منصوبے شروع کئے ہیں وہاں ہمیںبھی ایسی نیک محافل میں شریک ہونے کا موقع فراہم کیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ بے شمار خاندان مالی حالات کی وجہ سے بچیوں کی شادیاں کرنے سے قاصر ہیں اسلئے ہمارا اخلاقی اور مذہبی فریضہ ہے کہ ہم ایسے افراد کا ہاتھ تھامیں اور انہیں خوشگوار زندگی گزارنے کاموقع فراہم کریں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ تمام جوڑے خوش نصیب ہیں جن کی شادیوںکا ذمہ حکومت پنجاب نے لیا ہے۔ انہوںنے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے صرف چند ماہ کے دوران اپنے عوام کو ہمت کارڈ، کسان کارڈ، مینارٹی کارڈ، نوجوانوں اور بے گھر افراد کیلئے بلاسود قرضے اور طلبہ و طالبات کیلئے اربوں روپے کے وظائف جاری کئے ہیں اور ہماری حکومت پانچ سالوں تک پاکستان اور پنجاب کو ترقی کی نئی بلندیوں تک پہنچائے گی۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ یہ حکومت کا فرض ہے کہ سوشل سیکٹر کے پروگراموںکو مزید آگے بڑھائے اور معاشرے کی ترقی کیلئے کوشاں رہے۔ انہوںنے کہا کہ میاں شہباز شریف نے بطور وزیر اعلی پنجاب صوبے کو ترقی کی طرف گامزن کیا اور اب مریم نواز شریف پنجاب کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کے قریب لانے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوںنے کہا کہ ضلع شیخوپورہ کی انتظامیہ نے حکومت پنجاب کے تمام پروگراموں کاشاندار انداز میں انعقاد کیا ہے جبکہ نازیہ ممتاز سمیت سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے تمام افسران اور ملازمین نے ”دھی رانی“ پروگرام کو بھی بہترین انداز میں ترتیب دیا ہے۔
شیخوپورہ میں دھی رانی پروگرام کے تحت اجتماعی شادیاں
















