پیکا قانون بدامنی روکنے کےلئے کارآمد ثابت ہوگا،عطا تارڑ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراطلاعات عطا تارڑنے کہا ہے پیکا قانون سوشل میڈیا کے خطرات سے پیدا ہونے والی بدامنی کو روکنے کےلئے کارآمد ثابت ہوگا،ایکٹ میں دنیا کے بہترین طریقوں کو اپنایا گیا ، صحافتی تنظیموں کو قانون کی حمایت کرنی چاہئے، رولزکی تیاری اورمشاورت پر آگے بڑھنا چاہئے، ایکٹ میں کوئی متنازع شق ہے تو سامنے لائیں، بات چیت کےلئے تیار ہیں۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہاپارلیمنٹ کی منظوری کے بعد صدرمملکت نے پیکا ایکٹ ترمیمی بل پردستخط کئے، پیکا ایکٹ قانون کی شکل اختیارکرچکا ،ملک میں سوشل میڈیا کے ذریعے فیک پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، سوشل میڈیا پرجعلی خبریں، ہراسانی، بچوں سے بدسلوکی جیسی نامناسب خبریں پھیلائی جاتی ہیں، سوشل میڈیا پرملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جاتی ہے،پیکا ایکٹ کا بنیادی مقصد سوشل میڈیا کے ذریعے پہنچائے جانے والے نقصانات کا تدارک کرنا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہاپارلیمنٹ نے ضروری سمجھتے ہوئے پیکا ایکٹ کی منظوری دی، پیکا ایکٹ سوشل میڈیا کے غلط استعمال اور خطرات کے تدارک کےلئے لایا گیا، سوشل میڈیا پروٹیکشن اتھارٹی میں نجی شعبے سے نامزدگیاں کی جائیں گی،اتھارٹی میں پریس کلب یا صحافتی تنظیموں سے منسلک صحافیوں کوشامل کیا جائے گا، ٹربیونل میں بھی صحافیوں ،آئی ٹی پروفیشنل کو شامل کیا گیا ،آرڈرکو رٹ پٹیشن کے ذریعے ہائی کورٹ میں چیلنج کیا جا سکے گا،مشاورت میں تمام سٹیک ہولڈرزکو ساتھ لے کر چلیں گے۔