چیمپئنز ٹرافی کیلئے قومی ٹیم کی رونمائی،فخر، خوشدل ،سعود،فہیم اشرف کی واپسی

لاہور:(سپورٹس رپورٹر،ایم این پی)چیمپئنز ٹرافی کیلئے قومی ٹیم کی رونمائی،فخر، خوشدل ،سعود،فہیم اشرف کی واپسی،پی سی بی نے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا۔

ٹیم چیمپئنز ٹرافی سے قبل کراچی اور لاہور میں نیوزی لینڈ،جنوبی افریقہ کیخلاف ہونے والی سہ فریقی ون ڈے سیریز میں بھی حصہ لے گی ،عبداللہ شفیق، عرفان خان، صائم ایوب ، سفیان مقیم کی جگہ فہیم اشرف، فخرزمان، خوشدل شاہ اور سعود شکیل کو ٹیم میں شامل کرلیا گیا۔

سکواڈ میں کپتان رضوان،نائب سلمان علی آغا،بابر اعظم، فخر زمان، کامران غلام، سعود شکیل، طیب طاہر،فہیم اشرف ، خوشدل شاہ ،عثمان خان،ابرار احمد،حارث روف، حسنین، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔

ممبرقومی سلیکشن کمیٹی اسد شفیق نے کہاسپنر ابرار احمد ، مڈل آرڈر بیٹرز کامران غلام اور طیب طاہر جیسے ابھرتے کھلاڑیوں کی شمولیت ڈومیسٹک سطح پر کامیابی کو بین الاقوامی سطح پر منتقل کرنے کی صلاحیت پر اعتماد کی عکاسی کرتی ہے،کھلاڑیوں نے مشکل ماحول میں مہارت کا مظاہرہ کیا ،فہیم اشرف کا تجربہ اور موجودگی فاسٹ باﺅلنگ آل راونڈر کا آپشن فراہم کرتی ہے۔

اسد شفیق نے کہافخر زمان کی واپسی ٹاپ آرڈر کےلئے حوصلہ افزا ہے ،سعود شکیل کی بیٹنگ کو مزید تقویت دینے اور ٹیسٹ کرکٹ میں بھرپور فارم سے فائدہ اٹھانے کےلئے تیار کیا گیا ،فخر کا اوپننگ پارٹنر بابر اعظم یا سعود شکیل ہو سکتے ہیں ،انحصار کنڈیشنز، حریف ٹیم اور میچ کی حکمت عملی پر ہوگا،صائم ایوب ٹخنے کی انجری کے باعث ٹیم میں شامل نہیں ،صحت یابی کےلئے پر امید ہیں،ہر کھلاڑی کا انتخاب واضح کردار کو ذہن میں رکھتے ہوئے کیا گیا۔