لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ہاوس آمد ہوئی۔ اس موقع پر صدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن پنجاب ڈاکٹر کامران شیخ، پی ایم اے مرکزی صدر پروفیسر اظہار چوہدری، پیٹرن پی ایم اے پروفیسر اشرف نظامی، صدر لاہور پروفیسر شاہد ملک، پروفیسر خالد محمود، ڈاکٹر نادر، ڈاکٹر سلمان کاظمی، ڈاکٹر بشریٰ حق، کیپٹن ریٹائرڈ ارشد ہمایوں، ڈاکٹر ارم شہزادی، ڈاکٹر واجد، پروفیسر علی و دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے عہدیداران کے درمیان میڈیکل کمیونٹی کے مسائل کے حل، نظام صحت کی بہتری کیلئے جدید اصلاحات، اتائیوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی، پوائنٹ آف سیل، و دیگر امور پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ڈاکٹرز کمیونٹی کی بہتری کیلئے کوشاں ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام تک صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔ حکومت پنجاب صحت کے شعبہ کی بہتری پر مکمل فوکس کئے ہوئے ہے۔ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو انسانیت کے دشمن اتائیوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جنرل پریکٹیشنرز کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں گی۔ لاہور میں سٹیٹ آف دی آرٹ نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ بنایا جا رہا ہے۔ لاہور اور سرگودھا میں نواز شریف انسٹی ٹیوٹس آف کارڈیالوجی بنائے جا رہے ہیں۔ پنجاب میں میڈیکل ایجوکیشن کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ڈاکٹرز کمیونٹی کی بہتری کیلئے کوشاں ہے: خواجہ سلمان رفیق


















