کئی دروازوں سے مذاکرات نہیں چلا کرتے،حکومت کاپی ٹی آئی قیادت کو پیغام

اسلام آباد: (بیورو رپورٹ) حکومت نے پی ٹی آئی قیادت کو پیغا م دیا ہے کئی دروازوں سے مذاکرات نہیں چلا کرتے، بیرسٹر گوہرکی آرمی چیف سے ملاقات کی تمام تفصیلات اور مکالموں کا علم ہے۔ بیک ،فرنٹ ڈور میں سے کسی ایک کا انتخاب کرلیں۔

سینٹ میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی اور حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے ترجمان عرفان صدیقی نے کہا 2، 2، 3، 3 متوازی سطحوں پر مذاکرات نہیں ہوا کرتے، پی ٹی آئی بیک اور فرنٹ ڈور میں سے کسی ایک کا انتخاب کرلے اگر اسٹیبلشمنٹ سے ملاقات اور مبینہ مذاکرات سے مطمئن ہے تو اپنی کمیٹی کو آگاہ کردے اب حکومتی کمیٹی سے مذاکرات کی ضرورت نہیں رہی۔

عرفان صدیقی نے کہامجھے بیرسٹر گوہر کی آرمی چیف سے مبینہ ملاقات کی تمام تفصیلات کا علم ہے، خیبرپختونخوا کی سکیورٹی صورتحال پر بلائی گئی کانفرنس میں تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت نے شرکت کی جسے پی ٹی آئی کے قائم مقام چیئرمین نے خصوصی ملاقات، مذاکرات کا نام دےدیا اور عمران خان نے بھی خوش آئند قرار دیا اگر حکومتی لوگ بددیانت ہیں تو مذاکرات کا راستہ کیوں چنا؟ اعظم نذیر تارڑ نے وہی بات کہی جو عمران خان ہر روز کہتے تھے امیر و غریب کےلئے ایک ہی قانون ہونا چاہئے، بانی پی ٹی آئی کی اپیل اپنی باری پر لگنی چاہئے۔

لیگی سینیٹر نے کہا کمیٹی اجلاس کے اندر بھی پی ٹی آئی کی تحریر کو حکومت پر چارج شیٹ قرار دیا گیا، دونوں کمیٹیاں پہلے ہی طے کرچکی ہیں کسی عدالتی فیصلے کا مذاکراتی عمل پر کوئی منفی اثر نہیں پڑیگا، حکومتی کمیٹی 7 ورکنگ دنوں کے اندر اندر 28 جنوری تک اپنا تحریری موقف پیش کردیگی۔

دوسری جانب (ن) لیگی رہنما طارق فضل چودھری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو اختیارات کے ناجائز استعمال ،کرپشن پر سزا ملی، رہائی کا مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں، ضمانت پر ہی باہر آسکتے ہیں، احتساب عدالت کے فیصلہ سنانے میں تاخیر تکنیکی بنیادوں پر ہوئی، کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہورہے تھے۔

طارق فضل چودھری نے کہا کہ القادر ٹرسٹ میں 70 ارب کی کرپشن ہوئی، شہزاد اکبر نے بھی پیسے لئے، برطانیہ کی کرائم ایجنسی کے ذریعے حکومت پاکستان کو دیئے گئے، القادر ٹرسٹ کیس میں منی لانڈرنگ کو پکڑا،بانی پی ٹی آئی نے کابینہ میں بند لفافے کی منظوری دی،ملک ریاض کو 50 ارب کا جرمانہ ہوا ، جرمانہ اور منی لانڈرنگ کا پیسہ حکومت پاکستان کو ملنا چاہیے تھا۔

لیگی رہنما نے کہا 450 کینال زمین پر ٹرسٹ بنا کر بانی پی ٹی آئی اور اہلیہ کو ٹرسٹی بنایا گیا، بانی پی ٹی نے عدم اعتماد سے بچنے کیلئے سائفر کا ڈرامہ کیا،پوری قوم کو سائفر کی پوری کہانی معلوم ہے، جذباتی قوم نے گاڑیوں کے پیچھے لکھا ہم کوئی غلام ہیں، ہم کوئی غلام ہیں کا نعرہ اچھا تھا، پی ٹی آئی امریکہ کی جانب دیکھ رہی ہے، ہم کوئی غلام ہیں کا مطلب امریکہ بانی پی ٹی آئی کو قید سے نجات دلائے اور پھر میں قوم کو امریکہ غلامی سے نجات دلاوں گا۔

طارق فضل چودھری نے کہا کئی ممالک پابندیوں میں جکڑنا چاہتے ہیں، دست بدست طاقت سے کوئی نہیں ہرا سکتا، ریاستی اداروں کے خلاف ملک کے اندر اور باہر سازشیں ہو رہی ہیں، پی ٹی آئی کے لوگ جانے انجانے میں پاکستان مخالف سرگرمیوں کا حصہ بن رہے ہیں، پی ٹی آئی کو سوچنا چاہیے ملک کو فائدے کی بجائے نقصان دیں گے، پی ٹی آئی نے سڑکیں گرما کر دیکھ لیں اب پارلیمنٹ میں اپنا موقف پیش کرنا چاہئے، حکومت اپنی مرضی سے مذاکرات کر رہی ہے اور نتیجہ خیز بنانا چاہتے ہیں۔