اسلام آباد: (بیورورپورٹ)فوجی عدالتوں میں سویلینز ٹرائل کیخلاف انٹراکورٹ اپیل پر سماعت کے دوران کے دوران جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے کیا پارلیمنٹ خود پر حملہ توہین نہیں سمجھتی؟۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7رکنی آئینی بنچ نے کیس پرسماعت کی،وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے کہا آرمی ایکٹ اور رولز میں فیئرٹرائل کا مکمل پروسیجر فراہم کیا گیا ،جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا آپ ملٹری ٹرائل کے کس فیصلے سے اتفاق کرتے ہیں؟جسٹس منیب، جسٹس عائشہ اور جسٹس آفریدی کا الگ الگ فیصلہ ہے۔
خواجہ حارث نے کہا میں کسی فیصلے کیساتھ اتفاق نہیں کرتا، جسٹس عائشہ ملک نے سیکشن 2 ون ڈی ون کو فیئر ٹرائل کے منافی قرار دیا، جسٹس آفریدی نے قانونی سیکشنز پر رائے نہیں دی، جسٹس آفریدی نے کہا قانونی سیکشنز پر لارجر بنچز کے فیصلوں کا پابند ہوں،جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا 21 ویں ترمیم میں فیصلے کی اکثرت کیا تھی؟ خواجہ حارث نے کہا اکثریت 9 ججز سے بنی تھی، 21 ویں ترمیم کا اکثریتی فیصلہ 8 ججز کا ہے، 21 ویں ترمیم کو اکثریتی ججز نے اپنے اپنے انداز سے برقرار رکھا۔
جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیئے 21 ویں ترمیم کو 8 سے زیادہ ججز نے درست قرار دیا، خواجہ حارث نے کہا ملٹری ٹرائل پر سپریم کورٹ کا لیاقت حسین کیس کا فیصلہ 9 ججز کا ہے، لیاقت حسین کیس میں ایف بی علی کیس کی توثیق ہوئی،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا 21 ویں ترمیم کیس میں اکثریتی ججز نے ایف بی علی کیس کو تسلیم کیا ، جسٹس علی مظہر نے استفسار کیا کیا 21 ویں ترمیم کیس میں کسی جج نے ایف بی علی کیس پر جوڈیشل نظر ثانی کی رائے دی۔
خواجہ حارث کے مطابق کسی جج نے نہیں کہا ایف بی علی کیس کے فیصلے کا جوڈیشل ریویو ہونا چاہیے، احتجاج ،حملے میں فرق ہے،جسٹس علی مظہر نے کہا فیصلے میں اٹارنی جنرل کے حوالے سے لکھا ہے کیس کو 9 مئی کے تناظر میں دیکھا جائے، جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیئے 21 جولائی 2023 کے آرڈر میں صرف 9 مئی کی بات کی گئی، جسٹس علی مظہر نے کہا 9 مئی کے ملزموں کو ملٹری ٹرائل میں سزا پر اپیل کے حق سے حکومت نے انکار کیا۔
جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیئے 9 مئی کا جرم تو ہوا ، عدالتی فیصلے میں کلین چٹ نہیں دی گئی، سوال ہے ٹرائل کہاں پر ہوگا،جسٹس علی مظہر نے کہا جرائم قانون کی کتاب میں لکھے ہیں اگر جرم آرمی ایکٹ میں فٹ ہوگا تو ٹرائل ملٹری کورٹ میں ہوگا ،جسٹس جمال مندوخیل نے کہا 21 ویں ترمیم میں کہا گیاسیاسی جماعتوں کے کیسز آرمی کورٹ میں نہیں چلیں گے،وکیل وزارت دفاع نے کہا سیاسی سرگرمی کی حد ہوتی ہے، ریاستی املاک پر حملہ اور ریاست کی سکیورٹی توڑنا سیاسی سرگرمی نہیں،جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیئے 21ویں ترمیم کے بغیر دہشت گردوں کیخلاف ملٹری ٹرائل نہیں ہو سکتا تھا ،خواجہ حارث نے جواب دیا 21 ویں ترمیم میں قانون سازی دیگر مختلف جرائم اور افراد پر مبنی تھی۔
جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس میں کہا پولیس اہلکار کی وردی پھاڑنا جرم ہے، کورکمانڈرلاہور کا گھر جلایا گیا، ایک دن ایک ہی وقت مختلف جگہوں پر حملے ہوئے، عسکری کیمپ آفسز پر حملے ہوئے، پشاور میں ریڈیو پاکستان کی عمارت کو جلایا گیا، ماضی میں لوگ شراب خانوں یا گورنر ہاوس پر احتجاج کرتے تھے، پہلی مرتبہ ایسا ہوا مختلف شہروں میں ایک وقت حملے ہوئے، جرم سے انکار نہیں ،جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا پارلیمنٹ پر حملہ ہوا تو ملٹری ٹرائل کیوں نہ ہوا؟ پارلیمنٹ سب سے سپریم ہے، کیا پارلیمنٹ خود پر حملہ توہین نہیں سمجھتی، جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیئے سپریم کورٹ پر بھی حملہ ہوا وہ بھی سنگین تھا، سپریم کورٹ کو بھی شامل کریں،خواجہ حارث نے کہا بات 2 ون ڈی ون کی ہے،جسٹس یحییٰ آفریدی نے 9مئی ملٹری ٹرائل پر رائے دی ، آرمی ایکٹ کی شقوں پر فیڈریشن کو مکمل سنا ہی نہیں گیا۔
جسٹس علی مظہر نے استفسار کیا کیا آرمی ایکٹ کی شقوں پر اٹارنی جنرل کو 27 اے کا نوٹس دیا گیا تھا؟ جسٹس یحییٰ آفریدی صاحب کے نوٹ سے تو لگتا ہے اٹارنی جنرل کو سنا ہی نہیں گیا،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہابنچ نے اٹارنی جنرل کو کہا تھا دلائل آرمی ایکٹ کی شقوں کی بجائے 9 اور 10مئی واقعات پر مرکوز رکھیں ،جسٹس علی مظہر نے ریمارکس میں کہا یہ تو عجیب بات ہے، پہلے کہا گیا آرمی ایکٹ کی شقوں پر بات نہ کریں پھر شقوں کو کالعدم بھی قرار دیدیا گیا۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا ایڈووکیٹ فیصل صدیقی نے تو عدالت میں کھڑے ہو کر کہا تھا آرمی ایکٹ کی شقوں کو چیلنج ہی نہیں کیا، جسٹس علی مظہر نے ویڈیو لنک پر موجود ایڈووکیٹ فیصل صدیقی سے مکالمہ کرتے ہوئے استفسار کیا کیا آپ نے بات سن لی؟،ایڈووکیٹ فیصل صدیقی نے کہاجی میں نے کہا تھا کیس کو آرمی ایکٹ کی بجائے آئین کے تحت دیکھا جائے، 9مئی واقعات کیخلاف دیگر درخواستیں دائر کی گئیں جن میں آرمی ایکٹ کی شقوں کو چیلنج کیا گیا ۔
وکیل وزارت دفاع نے کہا آرمی ایکٹ کی شق ٹو ون ڈی ون اور ٹو ون ڈی ٹو کو کالعدم قرار دینے سے قبل فیڈریشن کو مکمل شنوائی کا حق ملنا چاہیے تھا، عدالت کا فوکس 9اور 10مئی واقعات پر تھا نہ آرمی ایکٹ کی شقوں پر،جسٹس حسن اظہر رضو ی نے استفسار کیا ایک آرمڈ پرسن اور 6سویلینز اگر کوئی قتل کردیں تو سویلینز کا ٹرائل الگ چلے گا اور آرمڈ پرسنل کی کورٹ مارشل کی کارروائی ہوگی؟ ،خواجہ حارث نے کہا9مئی واقعات میں جہاں حملے ہوئے کیا وہ ممنوعہ جگہ تھی حقائق کا سوال ہے، حملہ کرنے والوں کی نیت کیا تھی یہ بھی حقائق کا سوال ہے، سپریم کورٹ حقائق کا جائزہ نہیں لے سکتی۔
جسٹس علی مظہر نے ریمارکس میں کہا 9مئی واقعات میں سزا یافتہ کسی شخص کو اپیل کرنے یا رحم کی اپیل کرنے سے روکا نہیں، جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیئے ایسا مواد تو دکھا سکتے ہیں،اندر گھس کر حملے کرنے والوں کے کارنامے تھے،بعدازاں عدالت نے سماعت پیر تک ملتوی کردی۔
سویلینز ملٹری ٹرائل کیس، کیا پارلیمنٹ خود پر حملہ توہین نہیں سمجھتی؟ آئینی بنچ


















