لاہور،راولپنڈی،پشاور: (کورٹ رپورٹر)ہائیکورٹ نے عمران خان کی 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت درخواستوں پر فریقین کو نوٹس جاری کردئیے۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم کی سربراہی میں 2رکنی بنچ نے عمران خان کی درخواستوں پر سماعت کی۔
درخواست گزار کی جانب سے مو¿قف اپنایا گیا 9مئی والے دن اسلام آباد میں نیب کی تحویل میں تھا، سیاسی انتقام کےلئے سازش کا الزام لگا کر مقدمات میں نامزد کیا گیا، 2سال سے مقدمات کا سامنا کر رہا ہوں، انتقامی کارروائی کی جا رہی ہے،درخواست میں عمران خان کی جانب سے استدعا کی گئی لاہور ہائیکورٹ 8 مقدمات میں ضمانت منظور کر کے رہائی کا حکم دے،بعدازاں عدالت عالیہ نے بانی پی ٹی آئی کی 9 مئی کے 8 مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے۔
ادھر پشاور ہائیکورٹ نے بشریٰ کی ایک ماہ کیلئے حفاظتی ضمانت منظور کر لی،چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس وقار احمد نے بشریٰ کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی،دوران سماعت وکیل نے کہا بشریٰ توشہ خانہ ٹو کیس میں پیش ہو رہی ہیں، حفاظتی ضمانت کی درخواست میں پیش نہیں ہو سکتی،عدالت نے بشریٰ کی حفاظتی ضمانت ایک مہینے کیلئے منظور کرتے ہوئے متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کا حکم دیدیا۔
دریں اثناءبانی پی ٹی آئی ، بشریٰ کےخلاف توشہ خانہ 2 کیس کی سماعت سپیشل جج سنٹرل اسلام آباد شاہ رخ ارجمند نے اڈیالہ جیل میں کی، وکلا صفائی نے استغاثہ کے پانچویں گواہ طلعت پرجرح مکمل کر لی، عدالت نے آئندہ سماعت پر مزید 2 گواہوں کو طلب کرتے ہوئے سماعت 20 جنوری تک ملتوی کردی۔
عمران کی 9 مئی مقدمات میں ضمانت درخواستوں پر فریقین کو نوٹس



















