اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف کاالیکٹرک گاڑیوں کو فروغ دینے کےلئے بڑا اقدام، چارجنگ سٹیشنزکیلئے بجلی کی قیمت میں45 فیصد کمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا الیکٹرک وہیکلز کو فروغ دینے سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی آئے گی، وزارت توانائی نے چارجنگ سٹیشنز کےلئے بجلی کا ٹیرف 70 سے کم کرکے 40 روپے کر دیا، منصوبہ تیزی سے آگے بڑھایا جائے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہاپاور ڈویژن کی الیکٹرک وہیکلز پالیسی انتہائی خوش آئند ،45 فیصد کم رعایتی ٹیرف تاریخ ساز پیکیج ہے،بجلی گاڑیوں سے پٹرول ،ڈیزل درآمد کی مد میں زر مبادلہ کی بچت ،ماحول دوست سفری سہولیات دستیاب ہوں گی،نئی حکومتی پالیسی کی بھرپور تشہیر کرنے کےساتھ آگہی مہم چلائی جائے۔
وزیراعظم نے کہادنیا بھر میں ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات پر تشویش پائی جاتی ہے، روایتی ایندھن گاڑیوں کی بجائے ماحول دوست توانائی کی حامل الیکٹرک گاڑیوں کو فروغ دیکر آلودگی میں کمی لائی جاسکتی ہے،قیمت میں کمی سے یقیناً سرمایہ کاروں کو حوصلہ ملے گا، ماحول دوست منصوبے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، باکو میں کوپ 29 کے دوران بھی دنیا کو درپیش کلائمیٹ چینج کے معاملے پر غور کیا گیا اور کئی اقدامات تجویز کئے گئے،مہنگی بجلی کی وجہ سے الیکٹرک وہیکلز کے کلچر کو فروغ دینا مشکل تھا تاہم وزارت توانائی کی جانب سے چارجنگ سٹیشنز کیلئے قیمتوں میں45فیصد کمی کے اعلان پر وزیر توانائی اویس لغاری اور ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی اقدام سے پٹرول،گیس کے مقابلے میں سفری اخراجات میں 3 گنا بچت ممکن ہوگی،الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ سٹیشنز کو موجودہ فی یونٹ 71روپے اب 39.70 روپے یونٹ ملے گا،بھاری زرمبادلہ کی بچت ،مضر صحت گیسز کے اخراجات روکنے ،فضائی آلودگی سے نمٹنے میں مدد ملے گی،نئے منافع بخش کاروبار ، سرمایہ کاری کے مواقع میسر آئیں گے،معیشت کو بھی تقویت ملے گی، الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ سٹیشنز پرضوابط کے نفاذ سے 15دنوں میں رجسٹریشن و کاروبار کی اجازت ملے گی، قواعد و ضوابط کے تحت نییکا کا ادارہ چارجنگ سٹیشنز پر تحفظاتی اقدامات کو یقینی بنائے گا اور ہر چارجنگ سٹیشن کی سالانہ انسپکشن ہوگی۔
دریں اثنا ملک میں انسانی سمگلنگ کے خاتمے کیلئے کیے گئے اقدامات پرجائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا انسانی سمگلنگ کے خاتمے کےلئے تمام ادارے فعال کردار ادا کریں،انسانی سمگلنگ کا مکروہ دھندہ چلا کر ملکی ساکھ کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف انتہائی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔
شہبازشریف نے ایف آئی اے میں افرادی قوت کی کمی کو فوری طور پر پورا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہوائی اڈوں پر بیرون ملک سفر کرنیوالوں کی سکریننگ کا معیاری نظام قائم کیا جائے، ایف آئی اے بیرون ملک انسانی سمگلنگ کا مکروہ دھندہ چلانے والے انتہائی مطلوب سمگلروں کی حوالگی کےلئے انٹرپول سے تعاون حاصل کرے۔
مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی بینک کی جانب سے 10 سالہ کنٹری پارٹنر شپ فریم ورک کے تحت پاکستان کو 20 ارب ڈالر دینے کے وعدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہابچوں کی غذائیت، معیاری تعلیم، کلین انرجی، ماحولیات، جامع ترقی و نجی سرمایہ کاری سمیت 6 اہم شعبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے سی ایف پی قومی ترجیحات کی عکاسی کرتا ہے جیسا ہوم گراو¿ن اکنامک ٹرانسفارمیشن پلان میں تصور پیش کیا۔
شہبازشریف نے کہاجنرل عاصم منیر اور اپنے ساتھیوں کی کاوشوں کی دل کی گہرائیوں سے تعریف کرتا ہوں جنہوں نے شراکت داری کےلئے پاکستان کی بنیاد کو مضبوط کرنے کےلئے دن رات کام کیا،سی پی ایف پاکستان کی اقتصادی لچک و صلاحیت پر عالمی بینک کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے، اپنے لوگوں کےلئے پائیدار مواقع پیدا کرنے کےلئے کوششوں کو ہم آہنگ کرتے ہوئے شراکت داری کو مضبوط کرنے کے منتظر ہیں۔
وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے توانائی شعبے میں اصلاحات کا عمل جاری ہے، الیکٹرک گاڑیوں کی عوام تک رسائی کےلئے چارجنگ سٹیشنز کے قواعد و ضوابط بنا لیے ، ای وی سٹیشنز نے بجلی کا ٹیرف 45 فیصد کم کردیا۔
پریس کانفرنس کرئے ہوتے اویس لغاری نے کہا2023 کے 5 ماہ جولائی سے نومبر کے مقابلے سال 2024 میں گردشی قرضے میں کمی آئی، کارکردگی بہتر رہی، تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) نے 223 ارب کا نقصان کیا ،2024میں 170 ارب سے بڑھنے نہیں دیا، چارجنگ سٹینشز کا این او سی 15 دنوں میں جاری کیا جائے گا، ہر محلے میں چارجنگ سٹیشن ہوگا، ای پورٹل کے ذریعے اجازت دی جائے گی، 18 سے 20 لاکھ روپے اور ڈیڑھ کروڑ تک سرمایہ لگا کر کاروبار کو شروع کیا جاسکتا ہے۔
اویس لغاری نے کہااچھے ماحول کی طرف مثبت اقدام،بین الاقوامی سطح پر بڑی کامیابی سمجھتے ہیں، موٹرسائیکل، رکشوں، 800 سی سی کی چھوٹی گاڑیوں کے متبادل کے طور پر اقدام عوام کےلئے بڑا موقع ہے،حکومت بجلی کی قیمتوں میں بڑی حد تک کمی لائی، آئی پی پیز سے لے کر ڈسکوز کی نجکاری تک حکومت میں آنے کے بعد ہر مرحلے پر خود کو ثابت کیا ، خصوصی سہولت سرمایہ کاری کونسل (ایس آئی ایف سی) کا سازگار ماحول فراہم کرنے میں بڑا کردار رہا ،چند ماہ کے دوران پاکستان خطے میں سستی ترین بجلی فراہم کرنے والا ملک بن جائے گا۔
الیکٹرک گاڑیوں کےلئے بجلی کے نرخ میں 45 فیصد کی تاریخ ساز کمی


















