کرم ، امن بحالی کی جانب اہم قدم،بنکرز کی مسماری کا آغاز

کرم،پشاور:(بیورورپورٹ)کرم میں امن بحالی کی جانب اہم قدم، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی ہدایت پر بنکرز کی مسماری کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ۔

مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا گرینڈ امن جرگہ اور مقامی امن کمیٹیوں کی نگرانی میں سکیورٹی فورسز نے 2اہم بنکرز کو مسمار کردیا،بنکرز میں جنت خان مورچہ (خار کلے) اور جالندھر مورچہ (بالیش خیل) شامل ہیں،بیرسٹر سیف نے کہاتمام بنکرز کو اپیکس کمیٹی اور امن معاہدے کی روشنی میں مکمل طور پر ختم کیا جائے گا،علاقے میں پائیدار امن کی بحالی کےلئے بنکرز کا خاتمہ ناگزیر ہے، حکومت اور سکیورٹی ادارے پرعزم ہیں تمام فریقین کے تعاون سے ہدف کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

دوسری جانب کرم کی مرکزی شاہراہ ٹل پارا چنار روڈ محفوظ بنانے کےلئے اہلکاروں کی بھرتی کا عمل شروع کردیا گیا، سرکاری ذرائع کے مطابق سپیشل پروٹیکشن فورس کی بھرتی کا عمل رواں ماہ کے آخر تک مکمل کرلیا جائےگا،صوبائی کابینہ نے بھرتیوں اور محکمہ خزانہ نے فنڈز کی منظوری دے دی ،399 اہلکاروں کو ڈیڑھ سال کے کنٹریکٹ پر بھرتی کیا جائےگا ،عمر کی حد 45 سال تک مقرر کردی گئی، فورس میں 350 سپاہی اور 49 حوالدار بھرتی کیے جائیں گے، بھرتیاں سکیورٹی فورسز اور ایف سی کے سابق اہلکاروں سے کی جائیں گی، سپیشل پروٹیکشن فورس کو جدید اسلحہ بھی فراہم کیا جائے گا۔