امن خراب کرنے کی ہر کوشش کا فیصلہ کن ، بھرپور جواب دیا جائےگا،دشمن مزید نقصان اٹھائیںگے،آرمی چیف

پشاور،راولپنڈی:(بیورورپورٹ)آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے واضح پیغام دیتے ہوئے کہاہے امن خراب کرنے کی ہر کوشش کا فیصلہ کن اور بھرپور جواب دیا جائےگا،دشمن خوف اور انتشار پھیلانے کی کوشش کر سکتا ہے لیکن پیچھے نہیں ہٹیں گے، دشمن عناصر کو آہنی ہاتھوں نمٹا جائےگا اور وہ مزید بھاری نقصان اٹھائیں گے،ملکی سرزمین پر دہشتگردوں کی کوئی جگہ نہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل عاصم منیر نے پشاور کا دورہ کیا، سکیورٹی کی موجودہ صورتحال اور فتنہ الخوارج کو نشانہ بنانے کےلئے جاری انسداد دہشتگردی کی کارروائیوں پرجامع بریفنگ دی گئی،بریفنگ میں وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے بھی شرکت کی۔

آرمی چیف نے کہادشمن نفرت اور خوف کا بیج بونا چاہتا ہے ،کامیاب نہیں ہونے دیں گے،امن خراب کرنے کی کسی بھی کوشش کا فیصلہ کن اور پوری قوت سے جواب دیا جائےگا،برائی کی قوتوں کےخلاف متحد ہیں، مجھے اپنی سکیورٹی فورسز کی شاندار کامیابیوں پر بے حد فخر ہے،حوصلے اور عظیم قربانیوں کے ذریعے اپنی سرحدوں کے اندر اور باہر دہشتگرد تنظیموں کی آپریشنل صلاحیتوں کو کامیابی کےساتھ ختم کردیا،اہم دہشتگرد رہنماوں کا خاتمہ، نیٹ ورک اور انفراسٹرکچر کو تباہ کر کے پیغام دیا گیا دہشتگردی کی ملک میں کوئی جگہ نہیں،جنگ جاری رہے گی اور منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

جنرل سید عاصم منیر نے کہاقانون نافذ کرنےوالے ادارے شہریوں کی حفاظت اور امن و امان کے قیام کےلئے انتھک محنت کر رہے ہیں ،کئی حملوں کو ناکام بنا کر ملک میں امن قائم رکھا،ہر آپریشن سکیورٹی فورسز کے عزم، پیشہ ورانہ صلاحیت اور تیاری کا ثبوت ہے،جنرل عاصم منیر نے پاک فوج کے جوانوں کے بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا وہ مادر وطن کی خودمختاری کے تحفظ کےلئے پرعزم ہیں اور پاک فوج و قانون نافذ کرنے والے ادارے ناقابل شکست قوت کے طور پر متحد ہیں۔

بعد ازاں آرمی چیف نے خیبر پختونخوا کے مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سیاستدانوں سے الگ ملاقات کی، شرکا نے دہشتگردی کےخلاف متفقہ سیاسی آواز اور عوامی حمایت کی ضرورت پر زور دیا،سیاسی نمائندوں نے دہشتگردی کےخلاف قوم کی جنگ میں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی غیر متزلزل حمایت کا عزم ظاہر کیا اور اتفاق کیا انتہا پسند فلسفے کے خاتمے کےلئے سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر اتحاد ضروری ہے۔