لاہور:(خبر نگار) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے سینٹر آف ایکسیلنس ان واٹر ریسورسز انجینئرنگ میں ایم ایس سی ہائیڈرو پاور انجینئرنگ پروگرام کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر اور مہمان خصوصی چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی نے پروگرام کا افتتاح کیا، ایم ایس سی ہائیڈرو پاور انجینئرنگ پروگرام کے تحت واپڈا کے 25 افسران یو ای ٹی سے اپنی ایم ایس سی کی تعلیم حاصل کریں گے جس سے واپڈا کے ملازمین ہائیڈرو پاور میں نئی مہارتیں حاصل کریں گے، واپڈا اور یو ای ٹی کے مابین اشتراک کا مقصد واپڈا کے ملازمین کی مہارت اور علم کو بڑھانا ہے جس سے ادارے کی ترقی اور کامیابی میں معاونت ہوگی۔
افتتاحی تقریب کے بعد چیئرمین واپڈا نے وائس چانسلر اور دیگر فیکلٹی ممبران کےساتھ یو ای ٹی میں سپارکو اور نینو ٹیکنالوجی لیبز کا دورہ کیا، چیئرمین واپڈا نے یو ای ٹی میں سٹیٹ آف دی آرٹ لیبزاور جدید مشینری کے استعمال کو سراہا،افتتاحی تقریب میں پرو وی سی ڈاکٹر ناصر حیات،چیئرمین واٹر ایکسیلنس،ڈینز اور مختلف شعبہ جات کے سربراہان شریک تھے، چیئرمین واپڈا نے زیر تعمیرڈیمز اور اس میں ہائیڈرو پاور کی اہمیت پر روشنی ڈالی،چیئرمین واپڈا نے کہا ہائیڈروپاور انجینئرنگ پروگرام میں زیر تعلیم طلبہ کی بدولت بجلی کے بحران میں واضح کمی آئے گی،یو ای ٹی کے انجینئر کا پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ہے، امید ہے ڈاکٹر شاہد منیر کی قیادت میں سلسلہ مزید آگے بڑھے گا۔
ہائیڈروپاور انجینئرنگ پروگرام سے بجلی بحران میں واضح کمی آئے گی،چیئرمین واپڈا


















