اسلام آباد :(بیورورپورٹ)فوجی عدالتوں میں سویلینز ٹرائل کے فیصلے کےخلاف انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کے دوران جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دئیے، 9 مئی 2023 کے پرتشدد احتجاج کیس میں ملزموں کو فوجی تحویل میں لیا گیا تو بنیادی حقوق معطل تھے نہ ایمرجنسی نافذ ،جسٹس علی مظہر نے کہا کیس میں تو بنیادی حقوق معطل ہونے کا کوئی تعلق نہیں اس کےلئے ایمرجنسی ہونا ضروری ہے،تفریق کیسے ہوئی کچھ ملزموں کا ٹرائل ملٹری کورٹ میں ہو گا اور کچھ کا انسداد دہشتگردی عدالت (اے ٹی سی) میں؟۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بنچ نے فوجی عدالتوں میں سویلینز ٹرائل کے فیصلے کےخلاف انٹراکورٹ اپیل پر سماعت کی،آئینی بنچ نے مخصوص ملزموں کے ملٹری ٹرائل پر سوالات اٹھا دئیے،جسٹس حسن اظہر رضوی نے سوال اٹھایاماضی میں دہشتگرد حملے ہوئے، بتائیں حملوں کا کہاں ٹرائل ہوا؟ سب کا ٹرائل عام عدالتوں میں چلا تو 9 مئی والوں نے ایسا کیا کیا ملٹری کورٹس جائیں؟۔
جسٹس جمال خان مندو خیل نے سوال کیا انسداد دہشتگردی عدالت سے ملزم بری ہوتا ہے، فوجی عدالت سے سزا ہو جاتی ہے، کیا فوجی عدالتوں میں کوئی خاص ثبوت فراہم کیا جاتا ہے؟وزارت دفاع کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے ملٹری ٹرائل کالعدم قرار دینے پر 5 رکنی بنچ کا فیصلہ پڑھ کر سنایا اور مو¿قف اپنایا، آرڈر کے مطابق تمام بنیادی حقوق کی وضاحت کر دی گئی ،خواجہ حارث نے کہا آرٹیکل 233 کو آرٹیکل 8(5) کی تشریح درست ثابت کرنے کیلئے چھیڑا گیا، آرٹیکل 233 کے تحت صدر ایمرجنسی نافذ کرنے کے بنیادی حقوق معطل کر سکتا ہے۔
جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دئیے پرویز مشرف کے دور میں بھی ایمرجنسی نافذ کی گئی تھی، ایمرجنسی کے دوران بنیادی حقوق پر عدالتوں سے عملدرآمد نہیں ہوسکتا، نکتے پر سپریم کورٹ کے فیصلے موجود ہیں عدالت اپنا اختیار استعمال کرا سکتی ہے،جسٹس امین الدین خان نے کہا بنیادی حقوق کا عدالتوں میں دفاع ہوسکتا ہے، صرف عملداری معطل ہوتی ہے،جسٹس مسرت ہلالی نے استفسار کیا دائرہ اختیار کون طے کرتا ہے کس کا ٹرائل ملٹری کورٹس میں ہو گا کس کا نہیں؟ جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دیئے 9 مئی کے تمام ملزموں کی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) تو ایک جیسی تھی، تفریق کیسے ہوئی کچھ کا ٹرائل ملٹری کورٹ میں ہو گا کچھ کا انسداد دہشتگردی عدالت (اے ٹی سی) میں؟۔
جسٹس نعیم اختر افغان نے استفسار کیا خواجہ صاحب 9 مئی کے کل کتنے ملزم تھے؟ جن ملزموں کو ملٹری کورٹس بھیجا گیا ان سے متعلق کوئی اے ٹی سی کا آرڈر تو دکھائیں،جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیاملٹری تحویل لینے کا عمل کون شروع کرتا ہے؟ جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیئے کوئی مثال دیں جہاں آئین معطل کیے بغیر سویلین کا ملٹری ٹرائل ہوا ہو،جسٹس حسن اظہر رضوی نے سوال اٹھایا جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)، کراچی بیس سمیت مختلف تنصیبات پر ماضی میں دہشتگرد حملے ہوئے، بتائیں حملوں کا کہاں ٹرائل ہوا؟ ایک آرمی چیف کا طیارہ ہائی جیک کرنے کی سازش کا کیس بنا تھا، خواجہ صاحب وہ کیس عام عدالت میں چلا، آپ ایک فریق کے وکیل تھے۔
جسٹس علی مظہر نے کہا تمام مقدمات کی ایک ایک ایف آئی آر بھی دیں،دوران سماعت بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیس کا تذکرہ بھی ہوا، جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دیئے سپریم کورٹ نے مرکزی فیصلے میں آرمی ایکٹ کی شق 2 ڈی کو کالعدم قرار دیا، آرمی ایکٹ کی شق کالعدم قرار دینے سے مجموعی اثر کیا ہوگا؟ کیا اب کلبھوشن یادیو جیسے ملک دشمن جاسوس کا کیس ملٹری کورٹس میں چل سکتا ہے؟۔
خواجہ حارث نے جواب دیاسپریم کورٹ کے فیصلے سے ملک دشمن جاسوس کا بھی ملٹری کورٹس میں ٹرائل نہیں چل سکتا، جسٹس جمال خان مندو خیل نے استفسار کیا اپنے پراسیکیوشن نظام کو مضبوط کیوں نہیں کر رہے؟ انسداد دہشتگردی عدالت سے ملزم بری اور فوجی عدالت سے سزا ہو رہی ہے،کیا فوجی عدالتوں میں کوئی خاص ثبوت فراہم کیا جاتا ہے؟ انسداد دہشتگردی عدالتوں کو کیوں نہیں مضبوط بنایا جاتا؟ عدالتوں نے فیصلہ تو شواہد دیکھ کر ہی کرنا ہوتا ہے،جسٹس حسن اظہر رضوی نے کہا کیا 9 مئی کا واقعہ دہشتگردی سے زیادہ سنگین جرم ہے جو ٹرائل فوجی عدالت میں ہو رہا ہے؟ اچھے تفتیشی افسر اور پراسیکیوٹر رکھیں تو عدالتوں سے سزائیں بھی ہوں گی،جسٹس نعیم اختر افغان نے ریمارکس دیئے آپ سوالات کی بھری ہوئی باسکٹ لے کر جا رہے ہیں۔
دوران سماعت ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے مجرموں کو قید تنہائی میں رکھنے کے معاملے پر رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہامجرموں کو صبح 7 بج کر 30 منٹ پر ناشتے کے بعد لان میں چھوڑ دیا جاتا ہے، شام 5 بجے تک مجرم باہر رہتے ہیں،جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دیئے لان کونسا ہے؟ ڈیتھ سیل والا لان تو نہیں ؟ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے جواب دیا نہیں سر وہ والا لان نہیں جو آپ نے دیکھا ہوا ہے، جیل میں ٹک شاپ ہے، کافی وغیرہ بھی پی سکتے ہیں، گھر سے مجرموں کو میٹرس بھی دیئے گئے۔
وکیل فیصل صدیقی نے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ کا مطلب ہے گھر والا ماحول ہے؟ جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیئے آپ نے غلط بیانی کی تو جیل اصلاحات کمیٹی سے بھی رپورٹ منگوا لیں گے،ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا مجھے 30 سال پریکٹس کرتے ہوگئے ہیں، میں کیوں جھوٹ بولوں گا؟۔
جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیئے میں بھی خیبرپختونخوا میں ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل رہ چکی ہوں،9 مئی کے سزا یافتہ مجرم حسان نیازی کے والد حفیظ نیازی نے موقف اپنایا تمام ملزموں کو ہائی سکیورٹی زون میں رکھا گیا ،وکالت نامے پر دستخط کرانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
جسٹس علی مظہر نے ریمارکس دیئے وکالت نامے سے ویسے بھی کوئی منع نہیں کرتا،وکیل نے کہا بریگیڈیئر جاوید اکبر کے وکالت نامے پر دستخط کی اجازت نہیں دی گئی،ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے کہا وکلا کو بھی ملاقات تک رسائی ہے ،جسٹس جمال نے ریمارکس دیئے جیل مینول کے مطابق سپرنٹنڈنٹ سہولیات فراہم کرنے کا پابند ہے،بعد ازاں عدالت نے فوجی عدالتوں میں سویلینزٹرائل کے فیصلے کےخلاف انٹراکورٹ اپیل پر سماعت جمعہ تک ملتوی کردی۔
کون سا کیس ملٹری کورٹ اور اے ٹی سی میں جائے گا، تفریق کیسے ،آئینی بنچ


















