زیادہ ٹیکسز چلنے نہیں دینگے وعدے نبھانے، سب کےساتھ بیٹھنے کو تیار ہوں، وزیراعظم

کراچی: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے زیادہ ٹیکسز پاکستان کو چلنے نہیں دیں گے مگر آئی ایم ایف سے کیے وعدے نبھانا ہوں گے،معاشی ترقی کےلئے سب کےساتھ مل بیٹھنے کو تیار ہوں،وقت آنے پر عالمی مالیاتی فنڈکو خیرباد کہہ دیں گے،بہتری کےلئے ماہرین کی تجاویز درکار ہیں۔

پاکستان سٹاک ایکسچینج کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہامعاشی ترقی کا آغاز ہوچکا ،تمام لوگ مبارکباد کے مستحق ہیں،اڑان پاکستان پروگرام سے ترقی ،سماجی خوشحالی آئےگی اب ترقی کی طرف بڑھنا ہے،معیشت دوبارہ اپنے قدموں پر کھڑی ہورہی ہے، ہدف معاشی نمو ہے، ملک کو ترقی کے راستے پر لے جانے کےلئے تیار ہوں، معیشت میں مزید ترقی کےلئے ماہر معیشت رہنمائی فرمائیں۔

وزیراعظم نے کہااپنے سیاسی سفر کے دوران پہلی بار سٹاک ایکسچینج کا دورہ کرنے پر خوشی ہوئی،بہترین کارکردگی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، معاشی نمو کیلئے بہترین ٹیم ورک ، سخت محنت کی ضرورت ہے، خواہش ہے شرح سود 6 فیصد پر آ جائے، مزید 8 پوائنٹس کمی کی گنجائش موجود ہے،مجھے معیشت کی مزید بہتری کیلئے قابل عمل سفارشات چاہئیں، حقیقت پر مبنی اعدادو شمار کی بنیاد پر کارکردگی کا جائزہ لیا جائےگا۔

شہباز شریف نے کہاکراچی روشنیوں کا شہر ہے، ایک زمانے میں رونقیں ختم ہو چکی تھیں لیکن شکر ہے امن بحال ہوا، کراچی ملکی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے،ماضی کی غلطیوں سے سیکھ کر آگے بڑھنا ، آئی ایم ایف سے کئے گئے وعدوں کی پاسداری ذمہ داری ہے، وقت آنے پر آئی ایم ایف کو خیرباد کہیں گے، محصولات میں اضافہ خوش آئند ہے۔

وزیراعظم نے کہاسرمایہ ملکی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں، بیرونی سرمایہ کار پاکستان میں صنعتیں لگانے کیلئے تیار ہیں، معیشت کی بہتری میں نجی شعبے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،ٹریلین ڈالرز کے معدنی ذخائر مدفن ہیں، آگے بڑھنے کیلئے خود احتسابی ضروری ہے، نجکاری کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا ، پی آئی اے کی مثال سب کے سامنے ہے اگر کہا جائے ہر چیز اچھی ہے تو احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں ، حقیقت تسلیم کرتے ہوئے اعداد و شمار دکھائیں اچھی چیزوں کو سراہیں اور برے کو ٹھیک کرنے کا مشورہ دیں تو آگے بڑھ سکتے ہیں، ٹیکس سلیب کا نظام کاروبار چلنے میں رکاوٹ ہے،جی ڈی پی کے حساب سے ٹیکس ہدف حاصل کیا لیکن اختتام نہیں صرف آغاز ہے، آگے لے جانے کےلئے سرمایہ چاہیے۔

شہبازشریف نے کہاصبر و تحمل اور دانش مندی کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا، دلخراش ماضی میں نہیں جانا چاہتا، رونے کا کوئی فائدہ نہیں، سبق سیکھنا کر آگے بڑھنا ہے،ایک دہائی کے دوران سرکاری اداروں کی وجہ سے کھربوں کا نقصان پہنچا، کیا ایک ہاتھ میں کشکول اور نیوکلیئر طاقت رکھتے ہوئے ترقی کرسکتے ہیں،پاکستان قیامت تک قائم رہے گا،مضبوط بنانے کےساتھ اقوام عالم کے سامنے عزت بحال کرانی ہے۔

دریں اثنا آغا خان یونیورسٹی کی جانب سے پاکستان کے شعبہ صحت کیلئے رہنما اصولوں پر مبنی کتاب مینوئل آف کلینیکل پریکٹس گائیڈلائنز کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہاعوام کو صحت و تعلیم کی سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے،خادم پاکستان کا حلف اٹھاتے ہی وعدہ کیا تھا جب تک ہر پاکستانی کو معیاری تعلیم و صحت کی سہولیات تک رسائی نہ مل جائے چین سے نہ بیٹھوں گا، کلینیکل پریکٹس تحقیق کے بعد بنائے گئے رہنما اصول پاکستان کے شعبہ صحت کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے، اصول حکومت کے شعبہ صحت کی اصلاحات کے ایجنڈے کو پورا کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔

شہبازشریف نے کہا خادم پنجاب کے دور میں پی کے ایل آئی، برن سینٹرز و دیگر موذی امراض کے علاج کیلئے بین الاقوامی معیار کے ادارے بنائے، سندھ میں بھی ایس آئی یو ٹی جیسے بے شمار قابل قدر ادارے عوامی خدمت میں دن رات مصروف عمل ہیں۔

مزید برآں وزیر اعظم شہباز شریف دورہ کراچی کے موقع پر سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن کے گھر گئے، شرجیل میمن نے وزیر اعظم شہباز شریف و دیگر معزز مہمانوں کو سندھی لنگی اور ٹوپی کے تحائف پیش کیے،وزیر اعظم نے سینئر وزیر کو پوتے کی مبارکباد دی۔