لاہور: ( ہیلتھ رپورٹر ) سروسز ہسپتال میں شعبہ امراض نسواں ایک مضبوط شعبہ ہے جو انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ تدریس اور تربیت میں شامل ہے، یہ شہر کے وسط میں واقع تولیدی صحت کی ایک سرکردہ سہولت کےلیے ہمہ وقت کوشاںہے، ڈاکٹرز ،نرسنگ سٹاف ،پیرا میڈیکل سٹاف فرائض منصبی کےلئے خدمات سر انجام دینے کےلئے ڈیوٹی پر معمور ہیں، شعبہ ایمرجنسی گائنی یونٹ کی ایمرجنسی 24 گھنٹے فعال ہے، مریضوں کو طبی سہولیات میں لمحہ کی تاخیر نہیں۔ ان خیالات کا اظہار سربراہ امراض نسواں سروسز ہسپتال لاہور پروفیسر ڈاکٹرطیبہ وسیم نے روزنامہ مشرق سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
پروفیسر ڈاکٹرطیبہ وسیم نے کہا صحت مند معاشرے کو اگر پروان چڑھانا ہوتو اس کے لیے اینٹوں اور ریت کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ ایک ماں کا صحت مند ہونا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ اگر ہم تاریخ کے اوراق کو دیکھیں تو دنیا کے تما م مذاہب ماں کی عظمت کے تابع ہیں مگر ان سب میں بڑھ کر ہمارا مذہب اسلام ہے جس نے ماں کے قدموں تلے جنت کو رکھا اور اسے تمام رشتوں سے معتبر کردیا۔ لیکن اس مرکزی مقام کے باوجود یہ ایک ماں ہی ہوتی ہے جو اپنی زندگی کے اس انتہائی اہم دور جب وہ ایک ذی روح کو اس دنیا میں لانے کا ارادہ رکھتی ہے تو معلومات کی کمی اور بنیادی وسائل کی عدم دستیابی جیسے مسائل اس کی زچگی کا یہ دور نہ صرف تکلیف دہ بلکہ انتہائی پیچیدہ بنا دیتے ہیں جس سے نہ صر ف ماں بلکہ آنے والے بچے دونوں کی زندگی اور صحت کا مسئلہ بن جاتا ہے۔ہماری بدقسمتی یہ ہے کہ پاکستان کی 60 فیصد سے زائد آبادی دیہاتوں میں رہتی ہے اور آبادی کے اس تناسب کے حساب سے شرح خواندگی نہ ہونے کے برابر ہے جس کی وجہ سے ماں بننے کے عمل سے لے کر زچگی تک اور اس کے بعد بھی جو مسائل ایک ماں کو پیش آتے ہیں وہ ان سے ناواقف ہوتی ہے جس سے وہ ان بیماریوں کا ساری زندگی مقابلہ کرتے کرتے دنیا سے ہی کوچ کر جاتی ہے۔ عام طور پر حاملہ خواتین کو جن مسائل سے دو چار ہونا پڑتا ہے ان میں سب سے اہم مسئلہ ان کے گھروں کا روایتی پن یا خاندانی بندش ہوتی ہے کیونکہ ان کے گھروں کے مردوں کو یہ بات ناگوار گزرتی ہے کہ انکی خواتین ڈاکٹر کے پاس جا کر اپنے مختلف ٹیسٹ کروائیں یا چیک اپ کروائیں جس کی وجہ سے وہ حمل کے دوران پیدا ہونے والی پیچیدگیوں سے لا علم ہوتی ہیں اور وہی پرانے گھریلو دیسی ٹوٹکے کر کے نہ صرف اپنی بلکہ اپنے آنے والے بچے کی زندگی سے بھی کھیلتی ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں بتاتے ہوئے سربراہ امراض نسواں سروسز ہسپتال لاہور پروفیسر ڈاکٹر طیبہ وسیم کا کہنا تھا کہ گھر میں ہر وقت کے لڑائی ،جھگڑے حاملہ عورت کے لیے بہت سی نفسیاتی بیماریوں کا باعث ہیں جس کے اثرات اس کے بچے پر بھی پڑتے ہیں لیکن اگر دیکھا جائے تو ایک صحت مند معاشرے کا دارومدار ایک صحت مند ماں کی مرہون ِ منت ہوتاہے۔ ماں اور بچے کی صحت کا مسئلہ انتہائی اہم نوعیت کا حامل ہے لہٰذا اس کے لیے ہمیں نہ صرف حاملہ خواتین بلکہ معاشرے کو بھی آگاہ کرنا چاہیے اس لیے ضروری ہے کہ دوران ِ حمل حاملہ خواتین ایک اچھے ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر کسی بھی دوا کا استعمال نہ کریں۔
مریضوں کو طبی سہولیات میں لمحہ کی تاخیر نہیں،پروفیسر ڈاکٹرطیبہ وسیم


















