نیویارک (خواجہ فاروق سے) پاکستان نے امریکہ میں تعینات اپنے سفیر رضوان سعید شیخ کو فوری مشاورت کیلئے واپس بلا لیا ہے کیونکہ ملک کو 2025ءمیں متوقع ٹرمپ انتظامیہ کے تحت ممکنہ چیلنجز کا سامنا کرنے کیلئے تیاریاں کرنی ہیں۔ یہ اقدام امریکی پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے سفیر رضوان شیخ کی کارکردگی پر بڑھتی ہوئی تنقید کے باعث کیا گیا ہے، جن پر پاکستان کے مفادات کو موثر طریقے سے پیش کرنے میں ناکامی اور اتحاد کے بجائے تقسیم پیدا کرنے کا الزام ہے۔ رضوان سعید شیخ اسلام آباد واپس پہنچ گئے ہیں تاکہ وہ متوقع ریپبلکن انتظامیہ سے نمٹنے کیلئے اپنی تجاویز پیش کرسکیں جو خاص طور پر پاکستان کے میزائل پروگرام کے حوالے سے ملک پر دباوڈال سکتی ہے۔ رضوان سعید شیخ وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور دفتر خارجہ کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کریں گے تاکہ ممکنہ امریکی پالیسیوں کے جواب کیلئے حکمت عملی تیار کی جا سکے تاہم دوسری طرف انکی واپسی نے امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی کے درمیان ایک بار پھر مباحثے کو جنم دیدیا ہے جنہوں نے سفیر رضوان سعید شیخ کے دور کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کمیونٹی کے ارکان کا کہنا ہے کہ رضوان سعید شیخ نے امریکی پاکستانیوں سے رابطہ قائم کرنے یا واشنگٹن میں پاکستان کے مفادات کو فروغ دینے میں کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی۔ ناقدین کا الزام ہے کہ انہوں نے قومی ذمہ داری پر ذاتی فائدے کو ترجیح دی اور انہیں ”ٹیکنوکریٹ ڈپلومیٹ“ اور ”تکنیکی بدعنوانی“ کے الزامات کا سامنا ہے۔ امریکی پاکستانی اب مطالبہ کر رہے ہیں کہ ایک ایسا سیاسی طور پر ماہر سفیر مقرر کیا جائے جو امریکہ، پاکستان تعلقات کی پیچیدگیوں کو بہتر طریقے سے سنبھال سکے جس کیلئے ڈاکٹر ملیحہ لودھی، ڈاکٹر شیری رحمان، اور حسین حقانی جیسے نام ممکنہ امیدواروں کے طور پر پیش کئے جا رہے ہیں جو پاکستان کی بہتر نمائندگی کرسکیں اور متوقع ٹرمپ انتظامیہ سے مذاکرات کرسکیں۔ سردار مسعود احمد کی جگہ لینے کے بعد موجودہ سفیر رضوان سعید شیخ نے مبینہ طور پر امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرنے سے گریز کیا ہے۔ اس تصوراتی عدم رابطے نے عدم اطمینان کو ہوا دی اور ناقدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے صحافیوں اور کمیونٹی کے درمیان اتحاد کی بجائے مزید تقسیم پیدا کی ہے۔ نیویارک کے حالیہ دورے کے دوران صحافیوں سے ملاقات کرنے سے انکار نے خاص طور پر ناراضگی پیدا کی ہے۔تنازعہ میں اضافہ کرتے ہوئے منیر اکرم کا کردار بھی زیر بحث ہے جو اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے ہیں۔ اگرچہ منیر اکرم کو سرکاری طور پر تبدیل کر دیا گیا ہے لیکن انکے مبینہ بدعنوان نیٹ ورک کے ذریعے اثر و رسوخ دفتر خارجہ کی تبدیلی کی کوششوں میں رکاوٹ بن رہا ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کی قیادت کو ایک نیا سفیر مقرر کرنا چاہئے جو سیاسی بصیرت اور عوامی سفارتکاری کی مہارتوں کا حامل ہو تاکہ ٹرمپ انتظامیہ کے تحت متوقع دباو¿ کو سنبھال سکے۔ کچھ لوگوں نے مشورہ دیا ہے کہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کو جیل سے رہا کرے تاکہ انہیں ٹرمپ انتظامیہ سے نمٹنے کیلئے ایک وسیع حکمت عملی کا حصہ بنایا جا سکے جس سے پاکستان کی سفارتی پوزیشن میں غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہوگی۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ واشنگٹن ڈی سی سفارتخانے میں تعینات پریس قونصلرز ضیغم عباس اور یو این او افس نیویارک میں تعینات پریس قونصلر امانت علی حکومت پاکستان کیلئے نہیں بلکہ کسی دوسرے ملک کیلئے کام کرتے ہیں ۔ جب سے یہ تعینات ہوئے ہیں انہوں نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف پر کوئی پریس ریلز تک جاری نہیں کی اور صحافیوں کو گروپوں میں تقسیم کرنے کیلئے کوشاں رہتے ہیں تاکہ مسئلہ کشمیر اجاگر نہ کیا جا سکے جس پر پاکستانی امریکن اور کشمیری امریکن میں انتہائی تشویش پائی جاتی ہے۔
امریکہ میں سفارتکاروں کی ناقص کارکردگی، تبدیلی ناگزیر



















