ایس آئی ایف سی کی اپیکس کمیٹی کاسرمایہ کاری تیز کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)ایس آئی ایف سی کی اپیکس کمیٹی نے زراعت، آئی ٹی، کان کنی اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری تیز کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایس آئی ایف سی کی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں عسکری قیادت، وزرائے اعلیٰ اور وزیراعظم آزاد کشمیر نے شرکت کی،کونسل کے اغراض و مقاصد ،مستقبل کی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا،سپیشل اکنامک زونز کی کارکردگی ، نیشنل منرل ہارمنائزیشن پالیسی پر وزارتوں کی جانب سے بریفنگ دی گئی اور اقتصادی ترقی کیلئے معاشی سرگرمیوں کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا اکنامک زونز کے قیام کے مقامات کا تعین کرنے کیلئے ٹیکنالوجی کا سہارا لیا ،ذرائع کے مطابق اپیکس کمیٹی نے ملک بھر میں سپیشل اکنامک زون کا جال بچھانے ،قوانین کو آسان بنانے پر زور دیا ،مائننگ پر وفاقی و صوبائی قوانین میں ترمیم کی سفارش کی گئی،اجلاس میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ اور مختلف ممالک کی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایت کی گئی،فورم نے ملکی معاشی اعشاریئے بہتر ہونے پر اظہار اطمینان کرنے کےساتھ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے مختلف شعبوں میں اقدامات کو تیز بنانے پر اتفاق کیا ۔