لاہور (خبر نگار) والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے تاریخی اندرون شہر لاہور کے دروازوں اور شہر کے دیگر اہم مقامات کی بحالی اور تحفظ کے کئی اہم منصوبوں کا کامیابی کے ساتھ آغاز اور تکمیل کی ہے، بحالی کے کام 2024 میں مکمل ہوئے۔ لاہور کے ثقافتی ورثے کی حفاظت اور آئندہ نسلوں کیلئے جدید سہولتیں فراہم کرنے کیلئے اتھارٹی کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہیں۔ اندرون لاہور کے دروازوں بشمول لوہاری گیٹ، کشمیری گیٹ، شیرانوالہ گیٹ اور روشنائی گیٹ کی بحالی 6 نومبر 2023 کو شروع ہوئی جس میں تقریباً 72.45 ملین روپے کی سرمایہ کاری کی گئی۔ اہم بحالی اقدامات میں دروازوں کے اندرونی حصوں کی بحالی، ساختی طور پر مضبوطی، غیر قانونی دکانوں اور تجاوزات کا خاتمہ اور پارکنگ و سکیورٹی کے نظام کی بہتری شامل تھی۔ اس منصوبے کے تحت لوہاری دروازہ سے ملحقہ 14 دکانوں کو کامیابی سے منتقل کیا گیا۔ والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کامران لاشاری نے کہا لاہور کی تاریخ اور ورثہ کا تحفظ ہمارا مشن ہے، اہم پیشرفت میں والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی نے بھاٹی گیٹ تحفظ و بحالی منصوبے کا آغاز کیا ہے، یہ منصوبہ پنجاب ٹورزم اکنامک گروتھ پروگرام کے تحت ورلڈ بینک کے تعاون سے کیا جا رہا ہے۔ منصوبہ 2025 تک مکمل ہوگا اور اس پر 1.730 ملین روپے لاگت آئے گی۔ مزید برآں یہ منصوبہ دو مرحلوں میں تقسیم کیا گیا ہے جس میں مکانات کے سامنے کے حصوں کی بحالی اور بنیادی ڈھانچے کا کام شامل ہے۔ کل 538 جائیدادوں کی بحالی کا منصوبہ بنایا گیا ہے جن میں سے تقریباً 190 عمارتوں پر کام مکمل ہو چکا ہے۔ اس علاقے میں موجود 94 تاریخی عمارتوں میں سے تقریباً 35 عمارتیں اعلیٰ معماری حیثیت کی حامل ہیں اور ان سب کی بحالی کی جائیگی۔
والڈ سٹی اتھارٹی تاریخی مقامات کی بحالی اور تحفظ کیلئے سرگرم ہے: کامران لاشاری
















