اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان پرردعمل دیتے ہوئے کہاہے وزیر اعظم کابینہ کے مسخروں کو لگام دیں۔
مرکزی سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے بیان میں کہا وزیر اعظم اگر مذاکرات نتیجہ خیز بنانے کیلئے سنجیدہ ہیں تو کابینہ کے مسخروں کو لگام ڈالیں،پی ٹی آئی پوری یک سوئی اور سنجیدگی سے سیاست کو اصلاح کی راہ پر ڈالنے کےلئے کوشاں ہے، اصلاح کی خواہش کو کمزوری سمجھنے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہامذاکرات ملک کو قانون کی حکمرانی اور استحکام کی راہ پر ڈالنے کی سنجیدہ کوشش ہے لیکن خواجہ آصف عمل کوسبوتاژ کرنے کےلئے ایڑھی چوٹی کا زور لگا رہے ہیں،جمہوریت کے دعویداروں نے جمہوریت کا جنازہ کندھوں پر اٹھا رکھا ہے،بھکاری لیگ کے بارے میں قوم پہلے بھی کسی غلط فہمی کی شکار نہیں تھی، جمہوریت کے قاتلوں کے ذکرمیں جاتی امرا کے بھگوڑے کا تذکرہ سرفہرست ہوگا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہاسیاسی میدان میں مقابلہ بے ضمیر اور بے جان کٹھ پتلیوں کے بس میں نہیں،آوارہ زبانوں کو لگامیں نہ ڈالی گئیں تو جواب میں کوئی نرمی اور رعایت روا نہیں رکھی جائے گی۔
وزیراعظم مذاکرات نتیجہ خیزبنانے کیلئے کابینہ کے مسخروں کو لگام دیں،پی ٹی آئی
















