مذاکرات میں عمران خان کے جرائم کا ایجنڈا شامل نہیں،مصدق ملک


لاہور:(کامرس رپورٹر)وزیر پٹرولیم مصدق ملک نے کہاہے مذاکرات معاشی، سیاسی، جمہوری اور پارلیمانی بحالی کیلئے ہوں گے،عمران خان کے جرائم کا ایجنڈا شامل نہیں۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہاپی ٹی آئی سے بات چیت خوش آئند ہے مگر عمران خان کے جرائم کا ایجنڈا شامل نہیں ہوگا،بانی پی ٹی آئی پر فوجداری نوعیت کے مقدمات ہیں، جرائم کا گفتگو و شنید سے کیا تعلق؟ بات چیت ہوگی تو کوئی راستہ نکلے گا، آپ آئےں تو سر آنکھوں پر، بیٹھ کر تعمیری بات کریں، کوئی دشمنی نہیں ،سیاسی حریف ہیں،ملک کو سیاسی تناو کی نذر نہ کریں۔

وزیر پٹرولیم نے کہامعیشت ،ملک کو آگے بڑھانے کی بات کریں، مسائل کا حل مذاکرات میں ہی ہے،9 مئی واقعات میں ملوث لوگوں کو سزائیں ہورہی ہیں، واقعات کے شواہد پیش کیے گئے،سعد رفیق اور خرم دستگیر الیکشن ہار گئے لیکن دھاندلی کا رونا نہیں رویا۔

مصدق ملک نے کہاحکومت بنا کر خود دیکھیں کون سا فارم 45 یا 47 ہے تلاش کریں، امریکی قراردادیں ن لیگ یا پی پی نہیں پاکستان کےخلاف پاس کرائی گئیں، 30 سال سے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کےخلاف مہم چلانے والے کو آپ نے لابسٹ ہائر کیا ،کوئی آپ سے پوچھے کیوں؟،محکموں میں کرپشن دور کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔