حکومت پہل کرے ، مذاکرات کیلئے بھیک نہیں مانگیں گے:پی ٹی آئی

اسلام آباد، پشاور (بیورو رپورٹ) پی ٹی آئی کے رہنما ،سینٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے کہا ہے حکومت پہل کرے ، مذاکرات کیلئے بھیک نہیں مانگیں گے، مذاکرات کی صورت میں حل نکلتا ہے تو یہ بہتر ہو گا، بانی پی ٹی آئی کا بیان آیا ہے کہ وہ کچھ دنوں کےلئے سول نافرمانی کی تحریک موخر کر سکتے ہیں، مذاکراتی کمیٹی کے ممبران سے بانی پی ٹی آئی کی ملاقات ہی نہیں کرائی جا رہی جب تک ملاقات نہیں ہوگی تب تک کمیٹی کی حدود کا تعین نہیں ہو سکے گا،قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے ہم کسی سے ڈرنے یا دبنے والے نہیں، ہم نے کسی کے پاس نہیں جانا، کسی نے مذاکرات کرنے ہیں تو کریں نہیں تو نہ کریں،پی ٹی آئی کے کارکنوں کو گنجائش سے زیادہ جیلوں میں رکھا ہوا ہے،چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہمارے اور حکومت کے ابھی کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے،بانی پی ٹی آئی نے مذاکراتی کمیٹی بنائی ہے جنہوں نے مذاکرات کرنے ہیں وہ ہمارے پاس آئیں گے،سابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے پارٹی میں مجھے بھی سنا جائے اور سول نافرمانی نے تحریک مو¿خر کرنے کا مشورہ میں نے دیا تھا، حکومتی مطالبے پر ہم نے قدم اٹھا کر مذاکراتی کمیٹی بنا دی ہے، اب حکومت بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کرے،علاوہ ازیں پی ٹی آئی اور حکومت کے درمیان مذاکراتی عمل میں پیش رفت جاری ہے، ایک طرف پی ٹی آئی رہنما اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کر رہے ہیں تو دوسری جانب پی ٹی آئی کو سپیکر آفس سے گرین سگنل مل گیا ہے،پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور پارٹی رہنما اسد قیصر نے اسپیکر آفس سے رابطہ کیا، سپیکر آفس نے پی ٹی آئی کو حکومت کی جانب سے مذاکرات کیلئے گرین سگنل دیا ہے،ذرائع نے کہا مذاکرات میں سیاسی قیدیوں کی رہائی اور سیاسی مقدمات ختم کرنے پر بات ہوگی،پی ٹی آئی کی جانب سے ٹی او آرز تیار کر کے سپیکر آفس کو بھجوائے جائیں گے، سپیکر کی جانب سے حکومت کو تفصیلات تحریری طور پر بھجوائی جائیں گی، تفصیلات کی روشنی میں حکومتی کمیٹی تشکیل دی جائے گی،ذرائع کے مطابق اتوار تک حکومتی کمیٹی تشکیل دیئے جانے کا امکان ہے،دوسری جانب ن لیگی رہنماحنیف عباسی نے کہا ہے پی ٹی آئی غیرملکی طاقتوں کےساتھ مل کر ملک میں عدم استحکام چاہتی ہے، پی ٹی آئی کی سیاست فساد اور انتشار پر مبنی ہے،پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہاپی ٹی آئی والے اب مذاکرات کی بات کر رہے ہیں، مذاکرات سے پہلے پی ٹی آئی والے اپنے کیے پر معافی مانگیں، پاکستان کےخلاف امریکہ میں لابنگ فرم بنائی گئی، ایٹمی طاقت ہونے کی وجہ سے پاکستان کا دفاع مضبوط ہے، پی ٹی آئی کا اصل چہرہ دکھانا ضروری سمجھتا ہوں، بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے، کیلیفورنیا 2023 کے منصوبے کے مطابق اداروں کےخلاف تنقید کی جا رہی ہے، پی ٹی آئی والے حکومت جانے کے بعد امریکہ سے واپسی کی بھیک مانگ رہے ہیں، وزیر اطلاعات و نشریات عطاءتارڑ نے کہا ہے عمران خان سول نافرمانی کی بچگانہ اور دشمنانہ خواہش پوری کر لیں لیکن این آر او پھر بھی نہیں ملے گا،سماجی رابطے کی ویب سائٹ ”ایکس“ پر اپنے پیغام میں عطاءتارڑ نے کہا ”فتنہ السیاست“ اپنی پر تشدد کارروائیوں کی پر زور ناکامی کے بعد ایک اور ملک و قوم مخالف سٹرٹیجی پر عمل پیرا ہونے کی ضد کر رہا ہے۔