لاہور (قمر عباس نقوی) محکمہ آبپاشی ایکسین لاہور ڈویژن کی نااہلی، شہر کی مرکزی نہر گندے پانی کے نالے میں تبدیل، گردونواح کی آبادیوں کے گندے پانی نے نہر کو سیوریج بنا ڈالا، کوڑا کرکٹ اور بدبودار پانی سے تعفن کے باعث شہریوں میں مختلف وبائی بیماریوں کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ آبپاشی پنجاب لاہور ڈویژن کے ایکسین کی نااہلی کے باعث لاہور شہر کی مرکزی نہر خوبصورتی کے مناظر پیش کرنے کی بجائے گندے نالے کا منظر پیش کرنے لگی ہے جو کہ لاہور ڈویژن انتظامیہ کی بدانتظامی اور نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ بی آر بی نہر سے ٹھوکر نیاز بیگ تک گردونواح میں موجود نجی رہائشی علاقوں کا گندا پانی مختلف مقامات سے نہر میں پھینکا جا رہا ہے جس میں کچرا بھی شامل ہوتا ہے۔ واضح رہے لاہور کینال کا مقصد شہریوں کو پرفضا اور آلودگی سے نجات دلانے سمیت خوبصورت مناظر پیش کرنا تھا جبکہ لاہور کینال ڈویژن کی نااہلی کے باعث نہر اب بڑے گندے نالے میں تبدیل ہوچکی ہے۔ ذرائع کے مطابق لاہور کینال انتظامیہ کی جانب سے نجی رہائشی سکیموں سے ملی بھگت سے نہر میں سیوریج کا گندا پانی ڈالنے کیلئے مبینہ طور پر بھاری رشوت لینے کا انکشاف بھی ہوا ہے جس کے باعث عرصہ دراز سے نہر کا پانی مکمل طور پر بدبودار اور گندا دکھائی دیتا ہے۔ اس بدترین صورتحال کے باعث شہر میں تعفن پھیل رہا ہے۔ اس صورتحال کے پیش نظر شہریوں میں مختلف وبائی بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ ہے۔ لاہور کینال ڈویژن ایکسین اور دیگر سٹاف کے ذاتی مفادات کے باعث لاہور کینال کی خوبصورتی مکمل طور پر تباہ حالی کا شکار ہے۔ لاہور کینال ڈویژن کی طرف سے نہر کے اطراف کی آبادیوں کو سیوریج کا پانی اور کوڑا کرکٹ پھینکنے سے روکنے کیلئے طے شدہ ایس او پیز کے استعمال کی بجائے مکمل طور پر خاموشی اختیار کرلی گئی ہے جو کہ نہر کو مکمل طور پر سیوریج نالے میں تبدیل کرنے کا منصوبہ ہے۔ دوسری طرف محکمہ آبپاشی ذرائع کے مطابق لاہور کینال کی صفائی کیلئے کروڑوں روپے کے اسٹیمٹس کی تیاری کی جا رہی ہیں اسی لئے شاید نہر کو مبینہ طور پر مزید گندا کرانے کیلئے گردونواح آبادیوں کیخلاف کارروائی کرنے کی بجائے انکو سہولت کاری مہیا کی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ آبپاشی لاہور ڈویژن صہیب سے موقف کیلئے رابطہ کیا گیا اور وٹس ایپ میسج بھی کیا تاہم انکی جانب سے کوئی موقف نہیں دیا گیا۔
محکمہ آبپاشی ایکسین لاہور ڈویژن کی نااہلی، شہر کی مرکزی نہر گندے پانی کے نالے میں تبدیل، وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ
















