لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے سرکاری سکولوں میں پڑھنے والے مستحق طلباءو طالبات کےلئے موسم سرما کی مناسبت سے فری یونیفارم ڈرائیو شروع کرتے ہوئے ذاتی حیثیت میں5ہزار بچوں کو یونیفارم اور جرسیاں دینے کا اعلان کر دیا ۔ اپنے ویڈیو بیان میں صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا کہ حقوق العباد سب سے اہم ہے ، موسم کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے اور بہت سے والدین ایسے ہیںجو اپنے بچوںکو یونیفارم اور جرسی نہیں لے کر دے سکتے ۔ انہوںنے کہاکہ کوئی بھی شہری جو بیشک ایک یونیفارم اورجرسی دینے کی استطاعت رکھتا ہے وہ اپنے شہر یا گاﺅں کے کسی سرکاری سکول میں دے کر اپنا حصہ ڈالے ۔ صوبہ بھر کے صنعتکاروں سے اپیل ہے کہ وہ بھی اپنی مالی حیثیت کے مطابق اس میں اپنا کردار ادا کریں کیونکہ سرکاری سکولوں میں پڑھنے والے ہم سب کے بچے اور بچیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سرکاری سکولوں کا معیار بہتر کرنے کے لئے دن رات کام کر رہی ہے ،ہم نے چھ مہینے پالیسیاں بنانے پر کام کیا اب عملی پیشرفت کیلئے ضلع کی سطح پر نکل رہے ہیں۔مریم نواز کی قیادت میں ہمیں دو سال چاہئیں ، ان شا اللہ مہنگے مہنگے پرائیویٹ سکولوںمیں پڑھنے والے بچے سرکاری سکولوںمیں پڑھیں گے۔ ہم نے سرکاری سکولوںمیں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانا ہے میرے سمیت تمام لوگوںکے بچے سرکاری سکولوں میں پڑھنے کو ترجیح دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم سکولوںمیں کمرے پورے کر رہے ہیں ، سکولوںکو اساتذہ دے رہے ہیں ،ریشنلائزیشن ، اپ گریڈیشن کر رہے ہیں ،اساتذہ کیلئے کارڈیک ہسپتال ، ان کی انشورنس کیلئے محنت کر رہا ہوں، بہادر اساتذہ سرکاری سکولوںمیں ہمارے بچوںکو پڑھا رہے ہیں ، اساتذہ وزیر اعلیٰ کے سرکاری معیاری سکول کے وژن کو آگے بڑھائیں ۔
وزیر تعلیم کی مستحق طلبہ کےلئے موسم سرما کی مناسبت سے فری یونیفارم ڈرائیو شروع


















