مسائل حل کرنے کیلئے سب کو ملکر کردار ادا کرناہوگا:گورنر خیبرپختونخوا

پشاور (بیورو رپورٹ) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ عوامی مسائل سے باخبرہوں، بلا سیاسی امتیاز اور اتفاق و اتحاد سے صوبے کے مسائل کے حل کیلئے مشترکہ طور پر سب کو کردار ادا کرناہوگا، صوبے میں امن وامان کی موجودہ صورتحال اورصوبائی وسائل سے متعلق آل پارٹیز کانفرنس بلائی ہے، پی ٹی آئی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو اے پی سی میں شمولیت کی دعوت دی ہے، جس کامقصد مسائل کے حل کیلئے متفقہ طور پرلائحہ عمل تیار کرناہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے ضلع کرک کے خٹک اتحاد کے نمائندہ وفد سے گورنرہاوس پشاور میں ملاقات کے دوران کیا۔ وفد کی قیادت خٹک اتحاد کے صدر مدثرایوب کررہے تھے جبکہ رحمت سلام خٹک، قاری بدرالاسلام، ملک شیرفانوس ایڈوکیٹ، عزیزاللہ خان، ملک محمدنواز، قدرت گل اوردیگر مشران بھی وفد میں شامل تھے، سابق وفاقی وزیر ساجدحسین طوری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد کے شرکاءنے گورنر کو ضلع کرک کے عوام کو درپیش مسائل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا اوراُن مسائل کے حل کیلئے کردار ادا کرنے کی درخواست کی۔ وفد نے گورنر کو بتایاکہ ضلع کرک میں بجلی لوڈشیڈنگ کابہت بڑا مسئلہ ہے، اس کے علاوہ صابر آباد گرڈسٹیشن میں 4 فیڈرز میں سے صرف ایک فیڈر فعال ہے باقی تین غیرفعال ہے، پیداواری ضلع ہونے کے باعث کرک کے عوام قدرتی گیس سے محروم ہے۔ انہوں نے کہاکہ تخت نصرتی میں معدنیات میں یورینیم کے استعمال کی وجہ سے عوام کی صحت پربرا اثرپڑرہاہے جبکہ علاقے میں کوئی مرکز صحت نہیں،انہوں نے ہسپتال کے قیام اور علاقے میں پانی کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔