آخری پتہ باقی ، ابھی استعمال نہیں کروں گا،عمران خان

راولپنڈی:(بیورورپورٹ) سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہاہے آخری پتہ باقی ہے ، ابھی استعمال نہیں کروں گا، سانحہ ڈی چوک پر سپریم کورٹ اور انٹرنیشنل اداروں کے پاس رپورٹ لےکر جائیں گے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے علیمہ خان نے کہابانی پی ٹی آئی ڈی چوک واقعہ پر شاک میں ہیں ،کہا سب سے پہلی ایف آئی آر محسن نقوی اور شہباز شریف کےخلاف درج کرائی جائے،لاسٹ کارڈ میرے پاس ہے جو ابھی استعمال نہیں کروں گا۔

عمران خان نے کہا میری صحت بالکل ٹھیک ہے، 50 گھنٹے بند رکھا گیا، اخبار ٹی وی کی سہولت واپس لے لی گئی،ڈی چوک بالکل لال مسجد اور اکبر بگٹی جیسا آپریشن ہے،عوام کا غصہ بڑھے گا۔

دوسری جانب توشہ خانہ ٹو کیس عمران ،بشریٰ پر پھر فرد جرم عائد نہ ہو سکی،سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کیس پر سماعت 5 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

ادھر راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں نے ملاقات کےلئے درخواست دائر کر دی، درخواست علیمہ ، عظمیٰ اور نورین نیازی کی جانب سے دائر کی گئی ،عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو طلب کر لیا۔