بلدیہ کی ریکوری شرح قابل ستائش، بہترین پرفارمنس کو پورا سال برقرار رکھا جائے :کمشنر ساہیوال

ساہیوال(بےورورپورٹ)کمشنر ساہیوال/ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن شعیب اقبال سید کی ہدایت پر کارپوریشن کے عملہ نے شہر کے دونوں بس سٹینڈز سے اڈا فیس کی مد میں ریکارڈ ریکوری کی اور موجودہ مالی سال کے پہلے 5 ماہ میں ایک کروڑ5لاکھ80ہزار روپے اڈا فیس وصول کی جبکہ پچھلے مالی سال کے انہی5مہینوں میں یہ ریکوری صرف86لاکھ روپے تھی۔ ان میں بس سٹینڈ عارف والا چوک سے80لاکھ40ہزار روپے اور ریلوے روڈ سے 25لاکھ40ہزارروپے ہے۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے ریکارڈ ریکوری پر بلدیہ کے عملے کی کاوشوں کو سراہا اور ہدایت کی کہ ریکوری کی اس شرح کو پورے سال برقرار رکھا جائے۔ چیف آفیسر شیخ اشفاق احمد نے بتایا کہ عارف والا بس سٹینڈ سے روزانہ ریکوری47ہزار روپے سے زائد جبکہ ریلوے روڈ سٹینڈ سے17ہزار روپے سے زائد ہے جبکہ بائی پاس سے گزرنے والی پبلک ٹرانسپورٹ سے ریکوری کے لئے بھی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان دونوں اڈوں سے 24گھنٹے فیس ریکوری کیلئے ٹیمیں 3 شفٹوں میں کام کر رہی ہیں۔دریں اثناءکمشنر ساہیوال/ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن شعیب اقبال سید کی ہدایت پر کارپوریشن نے شہر میں 13 پارکنگ سٹینڈ قائم کئے ہیں تاکہ عوام کو درپیش ٹریفک کے مسائل حل ہوں اور انہیں محفوظ پارکنگ میسر آسکے۔ چیف آفیسر شیخ اشفاق احمد نے بتایا کہ یہ پارکنگ سٹینڈز جوگی چوک نزد ویٹرنری ہسپتال، ہائی سٹریٹ پر ٹینکی چوک سے مشن چوک تک، مشن چوک سے مال منڈی چوک متصل دیوار محکمہ اریگیشن، مشن ہسپتال، فتح شیر روڈ، کیئر ہسپتال، بلوم فیلڈ سکول اور ڈاکٹر ساجد مصطفی کلینک، بیری والا چوک، جھال روڈ سے بھٹہ پٹرول پمپ، کالج چوک، گرلز کالج روڈ، ایمرسن کوزین ظفر علی روڈ اور چرچ روڈ بالمقابل عبدالقیوم ہسپتال قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ان پارکنگ سٹینڈز پر پارکنگ فیس سائیکل کے لئے10روپے، موٹرسائیکل کے لئے 20روپے، آٹو رکشہ یا موٹرسائیکل رکشہ کے لئے30روپے جبکہ کار، ویگن، جیپ، پک اپ اور بس کے لئے 50 روپے مقرر کی گئی ہے۔