نئے بلدیاتی بل کے مسودے، پیرا سے متعلق 4 کمیٹیاں بنانے کی منظوری، یو اے ای کے عوام کو 53 ویں قومی دن پر مبارکباد! مریم نواز

لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیر اعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کے پہلے باضابطہ اجلاس میں پیرا دفاتر کے قیام ، تعیناتی ، قواعد وضوابط اور دیگر امور کی منظوری دی گئی ، وزیراعلیٰ نے پیرامیں تعیناتیاں ، ہائرنگ کےلئے شفافیت اور میرٹ یقینی بنانے کا حکم دیا،پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی میں مانیٹرنگ کاموثر نظام وضع کرنے کی ہدایت کی، اجلاس میں پیرا سے متعلق 4 کمیٹیوں کے قیام کی منظوری دی گئی جس میں ایڈمنسٹریشن لا جسٹک کمیٹی، فنانس کمیٹی، لیگل کمیٹی اور ٹیکینکل کمیٹی شامل ہیں، مریم نوازنے پیرا کو3ماہ میں فنکشنل کرنے کا ٹارگٹ مقرر کر دیا، اجلاس میں پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کے ہیڈ کوارٹر، ڈویژن ، ڈسٹرکٹ اور تحصیلوں کےلئے آسامیوں کی منظوری دی گئی، ہر تحصیل میں سب ڈویژنل انفورسٹمنٹ آفیسر ، انویسٹی گیشن آفیسر، سینئر سارجنٹ اور سارجنٹ تعینات کئے جائیںگے، اجلاس میں پیرا سٹاف کے ٹرانسفر اور ڈیپوٹیشن پالیسی کی منظوری بھی دی گئی،اجلاس میں انفورسمنٹ سٹیشن پر اپیل کےلئے ہیئرنگ آفیسر مقرر کرنے کی منظوری بھی دی گئی جبکہ پرکیورمنٹ پلان اور ڈی جی پیرا کے اختیارات کے تعین ، پیرا کی گاڑیوں، یونیفارم ،کیپ کے کلر اور برانڈنگ کی منظوری دی گئی، اجلاس کے دوران ہونےوالے فیصلے کے مطابق پیرا کے آپریشن ، پروسیجر ، اینڈ ریگولیشن 2024کا جائزہ لینے کےلئے خصوصی کمیٹی قائم کی جائے گی،دوسری جانب وزیراعلیٰ مریم نواز نے نئے بلدیاتی بل کے مسودے کی منظوری دیدی ،پنجاب کابینہ سے منظوری کے بعد مسودے کو پنجاب اسمبلی میں پیش کیا جائےگا ،نئے نظام کے تحت بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں اور یونین کونسل کی بنیاد پر ہوں گے،نئے مسودے میں سابق وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز کے دور کی تمام اصلاحات شامل ہیں جس کے تحت میونسپل کارپوریشن قائم کی جائیں گی اور میونسپل کارپوریشن کا سربراہ چیئرمین ہوگا،ذرائع کے مطابق مخصوص نشستوں پر انتخاب اعلانیہ رائے شماری سے ہو گا،دریں اثناءوزیراعلیٰ مریم نواز نے متحدہ عرب امارات کے قومی دن پرمبارکباد دیتے ہوئے کہا متحدہ عرب امارات کے عوام کو53ویں قومی دن پر مبارکباد پیش کرتے ہیں ، متحدہ عرب امارات سے پاکستان کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط ہیں ،متحدہ عرب امارات دنیا بھر میں جدت اور ترقی کی قابل تقلید مثال ہے،یو اے ای نے قدیم روایات کی پاسداری کرتے ہوئے ترقی کی معراج حاصل کی ،پاکستان کی ورک فورس نے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کیا، یو اے ای کے قومی دن پراپنے بہن بھائیوں کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں، مریم نواز نے کہا متحدہ عرب امارات مسلم دنیا کا اہم ترین ملک ہے، یو اے ای کی ترقی دنیا کےلئے ایک مثال ہے، متحدہ عرب امارات نے آزمائش کی ہر گھڑی میں پاکستان کا پورا ساتھ دیا،علاوہ ازیں وزیراعلیٰ مریم نواز نے مقامی اخبار کے ایڈیٹر سلمان مسعود کے والد گرامی مسعود احمد کے انتقال پرگہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت وہمدردی کا اظہار کیا ہے۔