اسلام آباد: (بیورورپورٹ) آئینی بنچ نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کیخلاف درخواست سمیت 4 کیسز خارج کردئیے،2مقدمات واپس،ججز نے ریمارکس دئیے ہر کیس آئینی بنچ نہ بھیجیں،سپریم کورٹ کے 7 رکنی آئینی بنچ کو ہی فل کورٹ سمجھا جائے۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بنچ نے آرمی چیف کی مدت میں توسیع سے متعلق وزیراعظم کے اختیارات کےخلاف دائر درخواست پر فیصلہ سنایا،آئینی بنچ نے ایک وقوعہ پر 2 ایف آئی آر کا اندراج کے معاملے میں دائر درخواست نا قابل سماعت قرار دےکر خارج کر دی،اعلیٰ عدلیہ کے ججز کی پارلیمنٹ میں تقریروں کیخلاف درخواست بھی عدم پیروی پر خارج کر دی گئی۔
جسٹس جمال مندوخیل نے گھی ملز پر ٹیکس کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دئیے عدالت عظمیٰ کے 7 رکنی آئینی بنچ کو ہی فل کورٹ سمجھا جائے،بنچ نے کیس میں تمام صوبوں کو نوٹس جاری کر دیا۔
سپریم کورٹ کے سینئر جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ کی جانب سے آئینی بنچ کو بھیجے گئے 2 مقدمات ریگولر بنچ کو واپس بھیج دیئے گئے۔
جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بنچ نے سعید کھوسہ بنام وزارت پٹرولیم کیس پر سماعت کی ،وکیل درخواست گزار نے موقف اختیار کیا 3 رکنی ریگولربنچ نے کیس آئینی بنچ میں بھیجا تھا ، جسٹس عائشہ ملک نے ریمارکس دئیے میں ریگولر بنچ کا حصہ تھی، وکیل کی استدعا پر آئینی بنچ میں کیس بھیجا گیا تھا،جسٹس علی مظہر نے کہا ایسے ہر کیس آئینی بنچ نہ بھیجیں اگر کسی کیس میں آئینی سوال ہو تو اسے بھیجیں بعد ازاں آئینی بنچ کی جانب سے ایک اور کیس بھی ریگولر بنچ کو بھیجا گیا جو ہاو¿سنگ سوسائٹی سے متعلق تھا،آئینی بنچ نے ہاو¿سنگ سوسائٹی کیس بھی ریگولر بنچ کو واپس بھیج دیا۔
،جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی آئینی بنچ نے ازخود نوٹس کیس پر سماعت کی، صوبائی لا افسران کا موقف تھا پنجاب اور خیبر پختونخوا نے قانون سازی کرلی ،جسٹس علی مظہر نے ریمارکس میں کہا باقی صوبے بھی قانون سازی کر لیں، جب قانون نہیں بنایا جائے گا تو مقدمات 20،20سال تک ہی چلتے رہیں گے۔
جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا اپنا کام نہیں کیا جاتا پھر کہتے ہیں عدالتیں کام نہیں کرتیں، بعدازاں آئینی بنچ نے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کےلئے ملتوی کر دی۔
ادھر آئینی بنچ کی جسٹس عائشہ ملک نے صحافیوں کی تنخواہوں پر ازخود نوٹس کیس سننے سے انکار کر دیا جس کے بعدبنچ ٹوٹ گیا،جسٹس امین الدین نے کہا نجی چینل ملازمین تنخواہوں کی ادائیگی کےلئے نیا آئینی بنچ تشکیل دیا جائے گا، معزز جج صاحبہ نے از خود نوٹس سننے سے انکار کیا ہے، کیس اہم ہے اس لیے عدالتی کارروائی کو ملتوی کر رہے ہیں، تنخواہوں کا کیس نئے آئینی بنچ میں سماعت کےلئے لگے گا۔
آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کیخلاف درخواست سمیت 4کیسز خارج


















