سموگ ،لاہور، ملتان میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ، جمعہ ،ہفتہ اور اتوار کو مکمل لاک ڈاﺅن

لاہور: ( اپنے رپورٹر سے،ایجوکیشن رپورٹر،کورٹ رپورٹر)پنجاب حکومت نے سموگ کی بگڑتی صورتحال کے باعث لاہور ، ملتان میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کردی ،جمعہ ،ہفتہ اور اتوار کو مکمل لاک ڈاﺅن ،ایک ہفتے کیلئے تعمیراتی سرگرمیوں پر پابندی بھی عائد ،پنجاب بھرکے سکولوں میں بچوں کی چھٹیاں بڑھا دی گئیں ،ہائیرسیکنڈری ،یونیوسٹیوں کو آن لائن کر دیا گیا ،ریسٹونٹس شام 4بجے بند ہوں گے اور 8بجے تک صرف ٹیک اوے کی اجازت ہوگی ،سموگ پر سیاست نہیں کی جاسکتی انسانی جانوں کا سوال ہے،کلاﺅسیڈنگ کےلئے بادل چاہیے ہوتے ہیں،حکومت تو قوانین پر عملدرآمدکررہی ہے لیکن شہریوں کوبھی اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے، شادیوں کے معاملے پر آئندہ سال کےلئے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ پلاننگ کریں گے،ان خیالات کا اظہار سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

مریم اورنگزیب نے کہاسموگ میں فوگ بھی شامل ہوگئی ،مارچ میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے 10سال کا منصوبہ بنایا ،سب محکموں کو اہداف دےکرعملدرآمد شروع کیاگیا،سپریم کورٹ کے سموگ کمیشن ممبران سے ملاقات کی ،اقدامات سے آگاہ کیا،میں جج صاحب کو خود بھی بریفنگ دینا چاہتی ہوں۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہاہیلتھ ڈیسک قائم،ہسپتالوں میں سٹاف کی چھٹیاں منسوخ ، محکموں کو ادویات وافر کرنے کی ہدایت کردی ،شہری موٹر سائیکل پر ایمرجنسی کے سوا باہر نہ نکلیں اور ماسک کا استعمال کریں،بدھ تک ڈیٹا دیکھیں گے، سموگ ہیلتھ کرائسس میں تبدیل ہو چکا ، پنجاب حکومت روک تھام کیلئے ہر ممکن اقدام کررہی ہے ،سموگ کی روک تھام کیلئے 10 سال کی پالیسی دےدی ۔

مریم اورنگزیب نے کہامختلف حکومتی محکمے سموگ کی روک تھام کیلئے دن رات کام کررہے ہیں، زگ زیگ ٹیکنالوجی پر نہ آنے والے بھٹے مسمار کیے جارہے ہیں تاہم سموگ پر قابو پانا لانگ ٹرم پراسیس ہے، 33 ماہ کے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں،سکول مزید ایک ہفتے تک بند رہیں گے، کالجز ،یونیورسٹیز میں آن لائن کلاسز ہوں گی، ریسٹورنٹس کو شام4بجے تک کا وقت دےدیا،کھانا لے جانے کی اجازت رات 8 بجے تک ہوگی،انسداد سموگ میں صحافی حکومت کا حصہ بنیں، وہیکلز رجیم فٹنس ملکر سب صوبوں کوکرنے کی ضرورت ہے۔

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے سموگ پر قابو پانے کےلئے پنجاب حکومت کو لانگ ٹرم پالیسی بنانے کی ہدایت کردی۔

جسٹس شاہد کریم نے درخواستوں پرسماعت کی اور ریمارکس دئیے وزیر اعلیٰ پنجاب جیسے ہی واپس آئیں تو آپ کو لانگ ٹرم پالیسی پر بات کرنی چاہیے، کم از کم 10سالہ پالیسی بنانی چاہیے،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہاپنجاب میں الیکٹرک بسیں چلانے کیلئے بجٹ مختص کردیا ، اگلے سال جون سے قبل بسیں روڈز پرہوں گی،فوڈ سکیورٹی معاملے ،سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے ،بارشی پانی کو محفوظ بنانے کےلئے بھی اقدامات کررہے ہیں،جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے اقدامات تو بہت اچھے ہیں، حکومت کو چاہیے اعلان کرے ،ایگری کلچر لینڈ پر ہاﺅسنگ سوسائٹیز نہ بنائی جائیں ،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہالینڈ ایکوزیشن ایکٹ پر بھی کام کررہے ہیں۔

عدالت نے ہدایت کی زیر زمین پانی محفوظ کرنے والا پودہ ہے زیادہ سے زیادہ لگایا جائے، 10مرلہ گھروں میں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانا لازمی قرار دیا جائے،عدالت عالیہ نے ایڈووکیٹ جنرل کو ہدایت کی آپ بیجنگ ماڈل کو دیکھ کر عدالت کی معاونت کریں، سماعت پر دوبارہ عملدرآمد رپورٹس پیش کی جائیں،بعدازاں لاہور ہائیکورٹ نے سموگ تداک کیس پر مزید کارروائی اگلے ہفتے تک ملتوی کردی۔