اسلام آباد: (بیورورپورٹ)نظام انصاف میں اصلاحات کےلئے سپریم کورٹ نے تمام سٹیک ہولڈرز، سائلین اور شہریوں سے بھی رائے لینے کافیصلہ کرلیا۔
چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت اجلاس میں نظام انصاف کو بہتر بنانے کے امور پر غور کیا گیا،اعلامیے میں کہا گیا چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت عدالتی اصلاحات سے متعلق ہونےوالے اجلاس میں مختلف جامعات کے وائس چانسلرز اور صدر سپریم کورٹ بار نے شرکت کی،اجلاس میں نظام انصاف کو بہتر کرنے کےلئے جامع اصلاحات پر غور کیا گیا۔
اعلامیہ کے مطابق رجسٹرار سپریم کورٹ نے اجلاس کے شرکاءکو نظام انصاف میں ناگزیر اصلاحات پر بریفنگ دی، ڈویلپمنٹ ایکسپرٹ شیر شاہ نے چیف جسٹس کے اصلاحات سے متعلق ویژن کے مطابق قلیل مدتی پلان پیش کیا، ہمایوں ظفر نے عدالتی نظام کی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے حوالے سے مختلف پلان پیش کیے، چیف جسٹس نے شرکا کو خوش آمدید کہتے ہوئے نظام انصاف کو درپیش چیلنجوں سے آگاہ کیا۔
چیف جسٹس نے عدالت عظمیٰ سے لےکر ماتحت عدلیہ اور نظام انصاف کے ہر شعبے میں اصلاحات کی ضرورت پر زور دیا، چیف جسٹس نے نظام انصاف میں اصلاحات کےلئے یونیورسٹیوں کے کردار کو سراہا، اجلاس کے شرکا نے نظام انصاف کے طریقہ کار کا باریک بینی سے جائزہ لینے ، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیا، شرکاءکی جانب سے نظام انصاف میں موجود خامیوں کو دور کرنے، شفافیت لانے اور استعداد کار بڑھانے پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی۔
سپریم کورٹ کے اعلامیہ میں مزید بتایا گیا یونیورسٹیوں کی جانب سے نامزد فوکل پرسن اصلاحاتی ایجنڈے پر عملدرآمد کرانے کےلئے سپریم کورٹ کی ٹیم سے رابطہ کاری کی ذمہ داری ادا کرے گا، اصلاحات کےلئے تمام سٹیک ہولڈرز، سائلین اور شہریوں سے بھی رائے لی جائے گی۔
نظام انصاف میں اصلاحات کےلئے شہریوں سے بھی رائے لینے کافیصلہ


















