کوئٹہ،راولپنڈی،اسلام آباد،باجوڑ،چارسدہ:(بیورورپورٹ)بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں آپریشن،3دہشتگرد جہنم واصل،پاک فوج کے میجر اور حوالداروطن پر قربان ہوگئے۔
آئی ایس پی آر سے کے مطابق 14 نومبر کو ضلع ہرنائی میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی اطلاع ملنے پر آپریشن کیاگیا،سکیورٹی فورسزنے موثر طریقے سے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا،3دہشت گرد مارے گئے۔
کارروائی کے دوران دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد سکیورٹی فورسز کی اگلی گاڑی پر پھٹ گیا،دھماکہ خیز مواد پھٹنے کے نتیجے میں فرنٹ لائن پر اپنی ٹیم کی قیادت کرنےوالے میجرحسیب ،حوالدار نور احمد نے بہادری سے لڑتے ہوئے وطن پر اپنی جان قربان کر دی اور شہادت کا رتبہ پایا۔
بیان میں کہا گیا سکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام و ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے عزم پر قائم ہیں،بہادر سپاہیوں کی قربانیاں عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
شہید ہونےوالے 28 سالہ میجر حسیب کا تعلق ضلع راولپنڈی سے ہے، 8 سال6 ماہ تک دفاع وطن کا مقدس فریضہ سر انجام دیا،سوگواروں میں والدین ، بہن بھائی شامل ہیں،شہید 38 سالہ حوالدار نور احمد کا تعلق بلوچستان کے ضلع بارکھان سے ہے ،14 سال تک وطن عزیز کا دفاع کیا،سوگواروں میں اہلیہ، 3بیٹے اور بیٹی شامل ہیں۔
دریں اثنا صدر،وزیراعظم ودیگر سیاسی رہنماﺅں نے شہیدمیجر،حوالدار کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہالازوال قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کےلئے پر عزم ہیں،دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے کارروائیاں جاری رکھیں گے، قوم شہداء،خاندان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرے گی،دفاع وطن کے دوران بڑی قربانی پیش کرنے پر پوری قوم شہدا کی ممنون ہے۔
دوسری جانب باجوڑ کی تحصیل خار میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے جماعت اسلامی کے ضلعی سیکرٹری جنرل صوفی حمید کو قتل کردیا،پولیس کے مطابق حمید صوفی کو عنایت کلے پھاٹک کے مقام پرنشانہ بنایا گیا۔
ادھر چارسدہ میں پولیس وین کے قریب خودکش دھماکہ ہوا،تمام اہلکار محفوظ رہے،دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی، رش نہ ہونے کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، بمبار نے پولیس وین گزرنے کے بعد خود کو دھماکے سے اڑایا۔
حکام کے مطابق پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لےکر تفتیش شروع کردی ،ڈی پی او چارسدہ نے کہاہلاک مشتبہ ملزم کی جیب سے شناختی کارڈ اور پیسے ملے ، ہلاک ملزم سے اوورسیز پاکستانی کارڈ بھی ملا۔
ہرنائی میں آپریشن،3 دہشتگرد جہنم واصل،میجر ،حوالدار وطن پر قربان


















