لاہور (ہیلتھ رپورٹر) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کا سینڈیکیٹ اجلاس منعقدہوا۔ اجلاس کے دوران راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کو میڈیسن میں سوشل سائنسز کے نصاب کی منظوری دی گئی۔سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کو مختلف پی ایچ ڈی پروگرامز شروع کرنے کی منظوری دی گئی اور سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کو ڈپلومہ رولز کی بھی منظوری دی گئی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کو جلد الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کا اجلاس بلانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ پنجاب کی طبی درسگاہوں میں معیاری ریسرچ کو پروان چڑھایا جا رہا ہے۔طبی درسگاہوں کے مالی معاملات میں شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ حکومت پنجاب سرکاری طبی درسگاہوں میں طلباءکو معیاری تعلیم فراہم کر رہی ہے۔ صوبائی وزیرصحت نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے۔دریں اثناءصوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی ہدایت پر سیکرٹری صحت پنجاب نے نشتر ہسپتال ملتان کے ڈائیلسز یونٹ میں سٹاف کی جانب سے غفلت کے باعث مریضوں کے ایچ آئی وی کا شکار ہونے کے واقعہ کی تحقیقات کیلئے 4 رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ڈی جی پی ہوٹا پروفیسر شہزاد انور کی سربراہی میں پراجیکٹ ڈائریکٹر ایڈز کنٹرول پروگرام، سمز لاہور کے ہیڈ آف نیفرولوجی پروفیسر ڈاکٹر زاہد رفیق اور محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سے ڈپٹی سیکرٹری ٹیکنیکل اس فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔صوبائی سیکرٹری محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے کہاکہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نشتر ہسپتال ملتان کا دورہ کرکے تمام شواہد اکٹھے کرے گی۔ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی ایڈز کا شکار ہونے والے زیادہ سے زیادہ مریضوں سے حقائق جانے گی۔ سیکرٹری صحت پنجاب نے کہاکہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی واقعہ کے ذمہ داران کا تعین کر کے رپورٹ پیش کرے گی۔فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نشتر ہسپتال ملتان میں ایچ آئی وی ٹیسٹنگ کی سہولیات کا بھی جائزہ لے گی۔ صوبائی سیکرٹری صحت نے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کو نشتر ہسپتال ملتان کے واقعہ کی تحقیقاتی رپورٹ اگلے 48 گھنٹوں میں جمع کروانے کی ہدایت کی ہے۔
طبی درسگاہوں میں معیاری ریسرچ کو پروان چڑھایا جا رہا ہے: سلمان رفیق


















