سپریم کورٹ میں آئینی بنچ کا قیام، عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ اہم مقصد

لاہور: ( رپورٹ :شوکت مروت ) سپریم کورٹ میں آئینی بنچ کے قیام کا مقصد آئین کی تشریح اور آئینی مسائل پر قانونی فیصلے دینا ہے۔

آئینی بنچ سپریم کورٹ کے جاری کردہ روسٹر کے مطابق کیسز کی سماعت کرے گا، آئینی بنچز آئین کی مختلف دفعات اور شقوں کی تشریح کرینگے ،تاکہ آئین کی روح کے مطابق فیصلے د ئیے جا سکیں ، آئینی بنچ ان کیسوں کی سماعت بھی کرے گا، جن کا تعلق شہریوں کے بنیادی حقوق سے ہو۔ مثلاً آزادی اظہار، مساوات، مذہبی آزادی، اور انصاف تک رسائی کے حقوق کے تحفظ کیلئے فیصلے بھی آئینی بنچ کرے گا۔

حال ہی میں دونوں ایوانوں سے پاس ہونے والے 26ویں آئینی ترامیم میں آئینی بنچز کے قیام کا طریقہ کار، اختیارات کو طے کیا گیا ،ان آئینی ترامیم پاس کرنے میں حکمران اتحادکے علاوہ جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اہم کردار اداکیا جبکہ دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف نے ان ترامیم کو پاس کرنے سے روکنے کیلئے کافی زور لگایا لیکن وہ اپنی مقصد میں کامیاب نہ ہوسکے،جو ڈیشل کمیشن آف پاکستان نے 7 ججوں پر مشتمل آئینی بنچ تشکیل دے دیا ، عموماآئینی بنچ میں شامل ججوں کی تعداد مقدمے کی اہمیت پر منحصر ہوتی ہے۔

آئینی بنچ میں عام طور پر 5، 7، یا 9 جج شامل کئے جاتے ہیں لیکن بعض صورتوں میں بڑے بنچ کی تشکیل بھی دی جا سکتی ہے۔ آئینی بنچ اس بات کا جائزہ لیتا ہے کہ آیا کوئی قانون یا ترمیم آئین کے بنیادی ڈھانچے کے خلاف تو نہیں اگر پارلیمنٹ کی طرف سے منظور شدہ کوئی قانون آئین کے بنیادی اصولوں سے متصادم ہو، تو آئینی بنچ اسے کالعدم قرار دے سکتا ہے۔آئینی بنچز سپریم کورٹ کا ایک اہم حصہ ہیں کیونکہ ان کا مقصد آئین کی حفاظت اور اس کی تشریح کرنا ہوتا ہے۔ آئینی بنچ کے فیصلے ملک میں قانون کی بالادستی قائم کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ آئینی بنچ کا مقصد عوامی حقوق اور آئین کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے جس سے عوام کا عدلیہ پر اعتماد بڑھتا ہے۔

موجودہ ترامیم سے پہلے پاکستان میں آئینی بنچ کے مشہور مقدمات مو لوی تمیز الدین کیس ،یہ کیس پاکستانی آئین کی تشریح کے حوالے سے اہم مقدمہ ہے، جس میں آئینی بنچ نے فیصلہ دیا کہ گورنر جنرل کو اسمبلی توڑنے کا اختیار نہیں۔اس کے علاہ ذوالفقار علی بھٹو کیس جس میں آئینی بنچ نے وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کی اپیل پر فیصلہ دیا۔جسٹس افتخار چوہدری بحالی کیس سپریم کورٹ نے آئینی بنچ کے ذریعے فیصلہ دیا کہ چیف جسٹس افتخار چوہدری کی برطرفی غیر آئینی تھی، اور ان کی بحالی کا حکم دیا۔آئینی بنچ کے فیصلے پاکستان کے قانونی اور سیاسی نظام پر گہرے اثرات چھوڑتے ہیں۔ ان فیصلوں کا نفاذ پورے ملک میں ہوتا ہے اور یہ آئندہ آنے والے مقدمات کیلئے بھی رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔ آئینی بنچ کے فیصلے انصاف اور قانون کے نظام میں ایک مثالی مقام رکھتے ہیں اور انہیں دیگر عدالتیں بھی اہمیت دیتی ہیں۔پاکستان میں آئینی بنچز کا کردار انتہائی اہم اور کلیدی ہے۔ آئینی بنچز نہ صرف آئینی معاملات میں فیصلہ کرتے ہیں بلکہ ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی کو بھی یقینی بناتے ہیں۔ پاکستان کا نظام آئین کے تحت شفافیت اور انصاف کے اصولوں کے مطابق چلتا رہتا ہیں۔