پنجاب کی طبی درسگاہوں میں معیاری ریسرچ کو پروان چڑھایا جا رہا ہے:خواجہ سلمان رفیق

لاہور (ہیلتھ رپورٹر)صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کا 14 واں سینڈیکیٹ اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ سید واجد علی شاہ، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس سدرہ سلیم، ڈپٹی سیکرٹری لبنی اور ڈپٹی سیکرٹری حماد الرب نے شرکت کی جبکہ وڈیو لنک کے ذریعے وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ظفر چوہدری، فیکلٹی ممبران، اراکین پنجاب اسمبلی، ایڈیشنل سیکرٹری ایچ ای سی و دیگر سینڈیکیٹ ممبران شریک ہوئے۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے 13 ویں سینڈیکیٹ اجلاس کے فیصلوں اور عملدرآمد رپورٹ کی منظوری دے دی۔ سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کو ڈائیبٹولوجی، فیملی میڈیسن، ڈرماٹولوجی اور ایستھیٹک کے شعبہ جات میں پوسٹ گریجویٹ ڈپلومہ پروگرامز کے آغاز اور سیٹیں مزید بڑھانے کی منظوری دے دی گئی ہے۔ سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران ریسپائریٹری تھیریپی کے شعبہ میں بی ایس پروگرام کو شروع کرنے کی اجازت دیدی گئی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی طبی درسگاہوں میں معیاری ریسرچ کو پروان چڑھایا جا رہا ہے۔ طبی درسگاہوں کے مالی معاملات میں شفافیت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب سرکاری طبی درسگاہوں میں طلباءکو معیاری تعلیم فراہم کر رہی ہے۔ سرکاری ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے۔ دریں اثناءصوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں امراضِ قلب کے مریضوں کو گھر پرمفت ادویات کی فراہمی کے منصوبے کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود، سپیشل سیکرٹریز طارق محمود اور سید واجد علی شاہ، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر وحید اصغر و دیگر افسران نے شرکت کی جبکہ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی، راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور فیصل آباد انسٹیٹیوٹ کارڈیالوجی کے ایم ایس حضرات و ذمہ داران ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران تینوں کارڈیالوجی ہسپتالوں سے مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تینوں کارڈیالوجی ہسپتالوں میں مریضوں تک مفت ادویات کی فراہمی میں ایک فیصد بھی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔ ٹی سی ایس کی انتظامیہ کو بھی سروس میں واضح بہتری لانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالہ سے ہیلپ لائن پر آنے والی تمام شکایات کا فورا ازالہ کیا جائے۔