راولپنڈی (مشر ق نیوز) شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں 9 نومبر کو سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران 6 خوارج کو ہلاک اور 6 زخمی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا اور آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا۔
ہلاک ہونے والے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، یہ خوارج سیکیورٹی فورسز پر دہشت گردانہ حملوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔ علاقے میں کسی بھی باقی خوارج کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے پرعزم ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خوارجی دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ 6 خوارجی دہشت گردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچانے پر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں، سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے خوارجی دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ قوم کو بہادر سکیورٹی فورسز پر ناز ہے، دہشت گردوں کو پاکستان میں کہیں بھی چھپنے نہیں دیں گے۔ قوم کی حمایت سے دہشت گردوں کا صفایا کریں گے۔
شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، 6 خوارج ہلاک


















