کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر خودکش دھماکہ، 25افراد جاں بحق، 50 سے زائد زخمی

کوئٹہ (مشرق نیوز) ریلوے سٹیشن پر خودکش دھماکے میں 25افراد جاں بحق اور 50 سے زیادہ زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق واقعہ کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوع کی جانب روانہ ہوئیں۔ دھماکہ ریلوے سٹیشن کے پلیٹ فارم پر ہوا، جس میں 25 افراد جاں بحق اور 50سے زیادہ زخمی ہوئے۔

دھماکہ جعفر ایکسپریس کی روانگی کے وقت ہوا۔ پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس نے 9بجے روانہ ہونا تھا۔ دھماکے کے بعد سول ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ ہسپتال میں آپریشن تھیٹر، طبی امداد کیلئے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل عملے کو ہنگامی طور پر طلب کرلیا گیا ہے۔

ریلوے اسٹیشن سے لاشوں اور زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ ایم ایس سول ہسپتال کے مطابق جاں بحق افراد میں خاتون بھی شامل ہے۔ ترجمان سول ہسپتال کا کہنا ہے کہ دھماکے کے 46 زخمیوں کو سول ہسپتال کوئٹہ لایا گیا ہے، جہاں انہیں ہرممکن طبی امداد دی جا رہی ہے۔

ایس ایس پی آپریشنز محمد بلوچ کے مطابق ابتدائی طور پر دھماکہ خودکش لگ رہا ہے۔ا نہوں نے بتایا کہ دھماکہ اس وقت ہوا جب مسافروں کی بڑی تعداد پلیٹ فارم پر موجود تھی۔ دھماکے میں ریلوے پولیس کے 2 اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں جن میں ہیڈ کانسٹیبل غلام رسول جمالی اور ہیڈ کانسٹیبل بھورل خان شامل ہیں۔