ساہیوال :(چودھری اشرف سے)صوبائی وزیر مائنز اینڈ منرل سردار شیر علی گورچانی کا دورہ ساہیوال، کمشنر آفس میں صارف کو ریت کی کنٹرول ریٹ پر فروخت یقینی بنانے کےلئے ہونےوالے اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید، آرپی او محبوب رشید، ممبر صوبائی اسمبلی ملک قاسم ندیم، ڈائریکٹر جنرل مائنز پنجاب منصور احمد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ساہیوال اورنگزیب، ضلعی انتظامیہ کے افسران اور لیز ہولڈرز نے شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سردار شیر علی گورچانی نے کہا پنجاب حکومت صارف کے مالی استحصال کی قطعاً اجازت نہیں دے گی اور ساہیوال اور اوکاڑہ میں ریت کی ٹرالیوں کی اوورچارجنگ کو سختی سے روکا جائے گا، صوبائی حکومت نے ریت کی فروخت کو بھی ضروری اشیاءکی فہرست میں شامل کر دیا ،پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ریت کی اوورچارجنگ پر بھی نظر رکھیں، انہوں نے تینوں اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ سرکاری ریٹ 2465روپے فی سوسکوائر فٹ پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے، انہوں نے لیز ہولڈر کے مطالبے پر انہیں مذاکرات کےلئے آج لاہور ملاقات کی دعوت بھی دی
کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید نے یقین دہانی کرائی تینوں اضلاع کی انتظامیہ حکومت کے نوٹیفیکیشن کے مطابق ریت کے نرخوں پر عمل درآمد کےلئے ضروری اقدامات اٹھائے گی تاکہ عام صارف کا استحصال نہ ہو، اسسٹنٹ ڈائریکٹر مائنز ساہیوال اورنگزیب نے کہا ڈویژن کے چھوٹے شہروں اور قصبات میں ریت کے سرکاری نرخوں پر عموماًعمل درآمد ہوتا ہے تاہم ساہیوال اور اوکاڑہ شہروں میں اوورچارجنگ کی مسلسل شکایات موصول ہو رہی ہیں۔
مزید برآں کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے پسپ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کا تفصیلی دورہ کیا، بھٹہ چوک، جھال روڈ، فریدیہ پارک روڈ اور جی ٹی روڈ پر جاری کاموں کی جلد تکمیل کےلئے ضروری ہدایات دیں، سٹی منیجر اسجد خان بھی ساتھ تھے،کمشنر ساہیوال نے بھٹہ چوک اور فریدیہ پارک روڈ پر بند سیوریج لائن جلد کھولنے کی ہدایت کی ،شعیب اقبال سید نے جی ٹی روڈ پر سیوریج لائن ڈالنے کےلئے شروع ہونے والے کام کابھی جائزہ لیا جس میں پاک پتن چوک سے میپکو دفاتر تک لائن ڈالی جائے گی۔
کمشنر نے سٹی منیجر اسجد خان کو ہدایت کی اہم کام کی روزانہ مانیٹرنگ کی جائے تاکہ اسے جنوری تک مکمل کر کے جی ٹی روڈ کی مرمت و بحالی کا کام بھی شروع کرایا جا سکے، دریں اثناءاپنے دفتر میں کارکردگی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شعیب اقبال سید نے ہائی سٹریٹ اور فرید ٹا¶ن روڈ پر جاری ٹف ٹائل لگانے کا کام جلد مکمل کرنے اور ساتھ ساتھ ملبہ اٹھانے کی بھی ہدایت کی،کمشنر ساہیوال نے شہر کی اہم سڑکوں پر دن کے اوقات میں بھی کوڑے کے ڈھیر پڑے ہونے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے سینٹری ورکرز کی کارکردگی کو بہتر بنانے کا حکم دیا۔
پرائس کنٹرول مجسٹریٹس ریت کی اوورچارجنگ پر کڑی نظر رکھیں: شیر علی گورچانی
















