تعلیمی ایمرجنسی کی ضرورت، نظام بدلے بغیر قوم کو حق نہیں ملے گا،حافظ نعیم الرحمن

لاہو ر: (اپنے نمائندے سے)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے ملک میں تعلیمی ایمرجنسی کی ضرورت، حکومت اسے مہنگی، پرائیویٹائز اور ناممکن بنانے کے مشن پر گامزن ہے، فری اور کوالٹی ایجوکیشن ہر شہری کا حق، حکمرانوں کا سارا زوراور پالیسیاں اسے چھین لینے پر مرکوز ہیں، پنجاب میں 13ہزار سکولوں کو پرائیویٹائز کرنے کا نادر شاہی فرمان جاری کردیا ۔

الخدمت فاو¿نڈیشن کی جانب سے نوجوانوں کو جدید آئی ٹی ٹریننگ اور ہنر فراہم کرنے کے عزم کے تحت ساڑھے 3 ارب کی لاگت سے پاکستان بھر میں ”بنو قابل پروگرام“ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا نواز شریف اور فیملی بھارت کی تعریف کے ڈونگرے برسانے کا کوئی موقع ضائع نہیں کرتی، مقابلہ کی ہمت نہیں، وسائل پرقابض اشرافیہ عوام کو سازش کے تحت مایوس کر رہی ہے، نظام کو بدلے بغیر قوم کو حق نہیں ملے گا، جماعت اسلامی عوامی حقوق کےلئے نہ صرف سیاسی مزاحمت کر رہی ہے بلکہ خدمت کا سفر بھی جاری ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا بنو قابل پروگرام کے تحت پنجاب میں لاکھوں بچوں کو فری آئی ٹی ایجوکیشن فراہم کی جائے گی،کراچی سے پروگرام کا آغاز کیا، اب پورے ملک میں پھیلائیں گے،لاہور میں آئندہ دو تین ماہ میں بڑا ٹریننگ سنٹر قائم کریں گے، اسلام آباد،کراچی، پشاور اورکوئٹہ میں بھی سٹیٹ آف دی آرٹ ٹریننگ سنٹرز بنائیں گے، بنوقابل کے ذریعے زیر تربیت بچوں کےلئے ڈگری پروگرام کا آغاز بھی کریں گے، طلبہ و طالبات کےساتھ ساتھ اساتذہ کو بھی آئی ٹی کورسز کرائیں گے،نصاب بھی تیار کر رہے ہیں۔