احتجاج حق سمجھنے والوں کااپنے صوبے میں اساتذہ کو معطل کرناشرمناک ہے،عظمیٰ بخاری

لاہور: ( اپنے رپورٹر سے)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے احتجاج کو اپنا آئینی حق سمجھنے والے اساتذہ کے احتجاج پر بلبلا اٹھے ہیں، کے پی حکومت کی جانب سے اساتذہ کو معطل کرنا شرمناک حرکت ہے،”فساد گروپ“پنجاب میں کسانوں ، نابینا افراد کو احتجاج کیلئے استعمال کرتا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبرپختونخوا میں احتجاج کرنے والے اساتذہ کو معطل کرنے پر ردعمل دیتے ہوئے کیا۔

عظمیٰ بخاری نے گنڈاپور حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہر وقت جلسے جلوس کی آڑ میں فساد گروپ احتجاج ہمارا حق ہے کے نعرے لگاتا ہے،اپنے سیاسی مفاد کےلئے پنجاب میں کبھی کسانوں کو اشتعال کرتے ہیں، کبھی کارکنوں کو تو کبھی نابینا افراد کے کندھے استعمال کر تے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے کہاوفاق ، پنجاب پر چڑھائی کرنے والا اپنے صوبے میں پرامن احتجاج کرنےوالے اساتذہ کو احتجاج کرنے پر معطل کردیتا ہے،عمل منافقت ،دہرے معیار کی عکاسی ہے،کے پی کے میں وفاق پر چڑھائی کرنے والے پولیس ،ریسکیو اہلکاروں کو ترقیاں، مراعات اور اضافی تنخواہیں دی جاتی ہیں، پرامن احتجاج کرنے والے اساتذہ کو معطل کردینا شرمناک حرکت ہے ۔