ٹرمپ نیوٹرل رہیں گے، میری رہائی کا عمل امریکہ نہیں پاکستان سے مکمل ہوگا، عمران خان

راولپنڈی،اسلام آباد،پشاور،صوابی:(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان نے ٹرمپ کو امریکی صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے ٹرمپ نیوٹرل رہیں گے جو بائیڈن کی طرح نہیں ہوں گے، میری رہائی کا عمل امریکہ نہیں بلکہ پاکستان میں ہی مکمل ہوگا۔

اڈیالہ جیل میں صحافیوں ،وکلا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہاباجوہ کی توسیع و کمزور اتحادی حکومت قبول کرنا غلطیاں ،دوبارہ انتخابات کرانے چاہئیں تھے،ملک میں جمہوریت برائے نام رہ گئی ،عدلیہ جمہوری ملک میں آزادی کی ضمانت ہوتی ہے جو اب نہیں ،صرف انتخابات سے جمہوریت نہیں آتی، حقیقی جمہوریت کےلئے صاف شفاف انتخابات، آزاد عدلیہ، قانون کی بالادستی اور احتساب کا ہونا ضروری ہوتا ہے ورنہ انتخابات کا ڈھونگ تو ڈکٹیٹر بھی رچاتے ہیں۔

سابق وزیراعظم نے کہامیڈیا پر مکمل سنسر شپ ہے،اخبار دیکھے ،میرا کوئی بیان نہیں چھپتا،حکومت نے آئین میں ترمیم کرکے سپریم کورٹ پر بھی قبضہ کر لیااب جتنا مرضی ظلم کریں کوئی نہیں پوچھے گا،ساری قانون سازی غیر آئینی پارلیمنٹ ، غیر آئینی صدر، غیر آئینی وزیراعظم اور فارم 47 کی پیداوار نظام کو استعمال کر کے کرائی گئی۔

عمران خان نے کہاساری پارٹی بالخصوص قیادت کو پیغام دیتا ہوں احتجاجی تحریک کی تیاری کریں،قیادت جوائنٹ لیڈرشپ کرے گی،احتجاج میں شرکت نہ کرنے والے ٹکٹ ہولڈر یا عہدیدارکیلئے جماعت میں کوئی جگہ نہیں،قوم کو پیغام ہے اپنے حقوق و آزادی کےلئے قربانی دینا پڑتی ہے،کھڑے نہیں ہوں گے تو پاکستان میں جمہوریت کا مکمل طور پر خاتمہ ہو جائے گا،غلامی سے موت بہتر ہے،مجھے ملٹری کورٹس میں لےجانا چاہتے ہیں تو لے جائیں ،ہر قربانی کےلئے تیار ہوں،کسی صورت نہیں بھاگوں گا، میرا نام مستقل طور پر ای سی ایل پر ڈال دیں ،نواز شریف اور زرداری کی طرح چوری کی ہوتی تو ڈیل کر کے ملک سے بھاگ گیا ہوتا۔

ادھر پی ٹی آئی رہنماوں اسد قیصر، شبلی فراز، عون عباس بپی ،شیخ وقاص اکرم، علامہ راجہ ناصر عباس، جمال احسان کو عمران خان سے ملاقات کی ا جازت نہ ملی،اسد قیصر نے کہاآئینی حق سے روکا جارہا ہے، اسمبلی میں آواز اٹھائیں گے، عدالتوں میں بھی جائیں گے،ٹرمپ کی کامیابی سے کوئی لینا نہیں، ملکی معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں دیتے، اپنی جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں،بانی پی ٹی آئی کیخلاف سیاسی و انتقامی بنیادوں پر کیس بنائے گئے، باعزت رہا کیا جائے۔

علی خان نے کہا بانی پی ٹی آئی عمران خان نے امریکی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کے جیتنے پر خوشی کا اظہار کیا ،عمران خان نے ڈائیلاگ کی بات سے اتفاق کیا مگر کہا آگے بڑھنے کا راستہ صرف احتجاج ہے، بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا معاملہ پاکستان میں ہی مکمل ہو گا امریکہ سے نہیں۔

مشیر اطلاعات کے پی بیرسٹر سیف نے کہا ٹرمپ کے صدر بنتے ہی ن لیگیوں کی نیندیں اڑ گئیں،مریم نواز ،خوجہ آصف سوشل میڈیا پر ڈونلڈ ٹرمپ کےخلاف تمام پوسٹیں ڈیلیٹ کرنے میں لگے ہیں، لیگی رہنما فکر نہ کریں سوشل میڈیا پر تمام پوسٹیں اب ریکارڈ کا حصہ ہیں،طاقتور کی پوجا کرنا لیگی رہنماوں کا پرانا وطیرہ ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کی سیاسی رہنماوں سے ملاقات نہ کرانے پر اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو طلب کر لیا۔

عدالت نے سٹیٹ کونسل سے سوال کیا کیا وجہ ہے بار بار ایسا ہوتا ہے؟ آرڈر کے باوجود اگر پٹیشن آتی ہے تو لکھا تھا سٹیٹ پر جرمانہ عائد ہوگا ،سٹیٹ کونسل نے کہا جیل حکام سے پوچھ لیتے ہیں جو بھی صورتحال ہے سپرنٹنڈنٹ جیل ہی بہتر بتا سکتے ہیں کیوں ملاقات نہیں کرائی جاتی؟۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سٹیٹ کونسل کو ہدایت کی آپ درخواست کو دیکھیں، سپرنٹنڈنٹ جیل کو کہیں پیش ہوں،عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ کو 10 بجے طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

مزید برآںاسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاونڈ کیس میں احتساب عدالت کو عمران،بشریٰ کی بریت درخواستوں پر دوبارہ فیصلہ کرنے کی ہدایت کر تے ہوئے کہادرخواستوں پر وجوہات کےساتھ فیصلہ دیا جائے،چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بریت درخواستوں پر سماعت کی، چیف جسٹس نے کہا احتساب عدالت نے بریت درخواست مسترد کرنے کے فیصلے میں وجوہات نہیں دیں ، فیصلے کی فائنڈنگز ہی نہیں آئیں،احتساب عدالت کو کیس واپس بھیج دیتے ہیں وجوہات کیساتھ دوبارہ فیصلہ کریں۔