پنجاب میں سرمایہ کاری کےلئے سازگار ماحول، انویسٹرز بلاخوف و خطر سرمایہ کاری کریں: مریم نواز

لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازسے سویڈن کی سفیر الیگزینڈرابرگ وون لنڈے نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دینے اور تعلیم، صحت،آئی ٹی، زراعت ،ماحولیات کے امور پر بات چیت کی گئی، سویڈش سفیر نے اقلیتی امور اور خواتین کے حقوق کیلئے حکومت پنجاب کے اقدامات کو سراہا،وزیر اعلیٰ نے حکومت پنجاب کی طرف سے سرمایہ کاری پرسویڈش کمپنیوں کا خیر مقدم کرنے کا اعلان کیا، مریم نواز نے کہا پنجاب میں سرمایہ کاری کےلئے سازگار ماحول ہے،انویسٹرز بے خوف خطر سرمایہ کاری کریں، انوائرمنٹ کی بہتری کیلئے سویڈن کے تجربات سے مستفید ہونا چاہتے ہیں، زراعت کے شعبے پر خصوصی توجہ ہے، کاشت کار کی معاونت کررہے ہیں،سویڈش سفیر نے کہا پنجاب میں سرمایہ کاروں کےلئے حالیہ اقدامات قابل تعریف ہیں،سویڈن کے سرمایہ کارپنجاب میں سرمایہ کاری کےلئے دلچسپی رکھتے ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے ترکیہ کے قومی دن پر اپنے پیغام میں کہا پاکستان اور ترکیہ کے عوام کے دلوں میں قربت بڑھ رہی ہے،ترکیہ کے عوام کو قومی دن پر مبارکباد پیش کرتی ہوں، ترکیہ کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کےلئے صدق دل دعا گو ہوں، ترکیہ کے قومی دن پر ترک عوام کی خوشیوں میں شریک ہیں، پاکستان اور ترکیہ کے مابین دوستی کی بنیاد اخوت اور بھائی چارہ ہے، پاک ترک تعلقات محض دو ممالک نہیں دو عظیم قوموں کا انمول رشتہ بھی ہے، رجب طیب اردگان کی قیادت میں ترکیہ نے ترقی کے کئی سنگ میل عبور کیے ہیں،مریم نوازنے مزید کہا ثقافتی، تجارتی اور سیاحتی روابط سے دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں قربت بڑھ رہی ہے، دعا گو ہوں پاکستان اور ترکیہ کا رشتہ ہمیشہ قائم و دائم رہے۔